شاہ چارلس سوئم اور برطانوی وزیراعظم لزٹرس کی ملاقات کی ویڈیو وائرل
برطانیہ کی وزیراعظم لز ٹرس کا خیال ہوگا کہ بادشاہ چارلس سوئم سے پہلی ہفتہ وار ملاقات سے انہیں کچھ وقت کے لیے گزشتہ دنوں کے سیاسی اور اقتصادی بحران کو بھولنے میں مدد ملے گی۔
مگر ایسا کچھ نہیں ہوا اور بکنگھم پیلس میں ہونے والی ملاقات کی 15 سیکنڈ کی ویڈیو میں بادشاہ نے برطانوی وزیراعظم کے لیے حالات بدتر بنادیے۔
ٹوئٹر پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لز ٹرس گھٹنوں کو موڑ کر رسمی تعظیم پیش کرتے ہوئے یور میجسٹی کہتی ہیں، جس پر بادشاہ جواب دیتے ہیں ‘تو آپ پھر واپس آگئیں؟’
جس پر لز ٹرس مسکراہٹ کے ساتھ کہتی ہیں کہ ‘یہ میرے لیے بہت خوشی کی بات ہے’، جس پر بادشاہ چارلس نے کہا کہ ‘ڈئیر اوہ ڈئیر، اینی وے’
یہ ویڈیو اس وقت سامنے آئی ہے جب حکمران جماعت کو اقتصادی بحران کے باعث مشکلات کا سامنا ہے اور اسی وجہ سے وائرل بھی ہوگئی کیونکہ لوگوں کے خیال میں بادشاہ نے اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار اس طرح کیا۔
آکسفورڈ یونیورسٹی میں سفارتکاری کی لیکچرار جینیفر Cassidy نے کہا کہ یہ ویڈیو سیاسی مضحکہ خیزی اور نادانستہ مزاح کا شاہکار ہے۔
خیال رہے کہ برطانیہ میں وزرائے اعظم ہر ہفتے گرم جوشی سے ملکہ الزبتھ دوم سے ملاقات کرتے تھے مگر 12 اکتوبر کی شب جو ہوا اس کے بعد لز ٹرس آئندہ ہفتے بادشاہ کے سامنے جاتے ہوئے زیادہ خوفزدہ ہوں گی۔