Contact Us

کمشنر راجہ جہانگیر انورکی صدارت میں 18ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انعقاد کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی ویڈیو لنک اجلاس

video meeting regarding the organization of 18th International Cholistan Desert Rally

بہاول پور:5/ نومبر( )کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی جیسے میگا ایونٹس کے انعقاد سے قومی و بین الاقوامی سطح پرخطہ کی تہذیب و ثقافت کواجاگر کرنے میں مدد ملتی ہے اور سیاحتی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہو تا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اس میگا ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لئے تمام انتظامی محکمہ جات مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں 18ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انعقاد کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ویڈیو لنک اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی وقاص ملک، ڈپٹی کمشنر بہاول پور زاہد پرویز وڑائچ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادث نثار، منیجنگ ڈائریکٹر چولستان ترقیاتی ادارہ طارق محمود بخاری، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز بہاول پور ڈاکٹر ناصر حمید، ایڈیشنل کمشنر کنسالیڈیشن عامر کھچی اور منیجنگ ڈائریکٹر بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد نعیم اختر سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ قلعہ ڈیراور تک سڑک کے تعمیراتی کام کی پڑتال کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔نیز  قلعہ ڈیراور اور18ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے مقامات کی نشاندہی کے لیے ڈائریکشن بورڈز کی تنصیب سمیت بہترین ٹریفک مینجمنٹ پلان بھی ترتیب دیا جائے گا تاکہ شائقین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر سیاحوں کے لیے مختلف مقامات پر عارضی ٹک شاپس، عارضی واش رومز، مکینک شاپس اور آٹو موبائل شاپس بھی قائم کی جائیں گی۔ نیزصفائی ستھرائی کی صورتحال کو برقراررکھنے کے لئے چولستان میں زیرویسٹ مہم بھی چلائی جائے گی۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے ہدایت کی کہ انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے شاندار انعقاد کے لیے تمام تر انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اورقلعہ ڈیراور تک سڑک کی کشادگی و مرمت کے کاموں کو بھی جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام افسران و ملازمین جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر فرائض منصبی ادا کریں اور اس ایونٹ کو ہمیشہ کی طرح کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ رکھا جائے۔.

مزید پڑھیں