اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے وائس چانسلر کا کراچی میں جاپانی قونصل خانے کا دورہ، قونصل جنرل سے ملاقات میں اردو اور جاپانی زبان و ادب کے فروغ پر تبادلہ خیال
کراچی (نوائے احمد پور شرقیہ رپورٹ /ہفتہ، مورخہ 13نومبر 2021ء) وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے گزشتہ روز کراچی میں جاپانی قونصل خانے کا دورہ کیا اور قونصل جنرل توشی کازو ایسومورا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان جاپان لٹریری فورم کے محمد اویس اور نامور صحافی و ادیب خرم سہیل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاو ل پور اور جاپان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے مابین اردو اور جاپانی زبان و ادب کے فروغ کے لیے اقدامات، ثقافتی رشتوں کے فروغ اور اساتذہ و طلباء کی سطح پر وفود کے تبادلوں پر گفتگو ہوئی۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں جاپانی زبان اور ثقافت کے مرکز کے قیام اور جاپان کے اداروں ایسوسی ایشن فار انٹرنیشنل کارپوریشن ان ایگریکلچر فارسٹری جاپان، سوسائٹی فار پروموشن آف سائنس اور جاپان انٹرنیشنل کارپوریشن ایجنسی سے باہمی تعاون اور اشتراک کے لیے مفاہمتی یاداشتوں سے متعلق گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر جاپانی جامعات سے مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور فیکلٹی ایکسچینج جیسے امکانات کا جائزہ لیاگیا۔ ان میں یونیورسٹی آف ٹوکیو، کیوٹو یونیورسٹی، اوساکا یونیورسٹی، ٹوہو کو یونیورسٹی، کیو ؤیونیورسٹی، کائشو یونیورسٹی، ہوکائیڈو یونیورسٹی، ناگویا یونیورسٹی، ٹوکیو انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور ہیروشیما یونیورسٹی شامل ہیں۔ وائس چانسلر نے جاپانی قونصل جنرل کویونیورسٹی کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
اس موقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ایک صدی پرانی علمی مرکز ہے جہاں پر ہزاروں اساتذہ، طلباء وطالبات آرٹ، سماجی علوم، سائنسز، انجینئرنگ، میڈیکل اور زراعت سمیت دیگر بہت سے علوم میں تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں واقع ہاکڑہ آرٹ گیلری میں جاپانی آرٹ کی نمائش ا ور یونیورسٹی آڈیٹوریم میں جاپانی فلم فیسٹیول کے علاوہ یونیورسٹی کے شعبہ ترجمہ کے ذریعے جاپانی ادب کے اردو میں ترجمے سے متعلق بھی معلومات زیر غور آئیں۔
وائس چانسلر نے زراعت خصوصا کپاس اور انٹر کراپنگ ٹیکنالوجی سے متعلق ہونے والی جدید ترین تحقیق سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ جاپانی کونسل جنرل نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کو خطے کی ایک اہم یونیورسٹی قرار دیتے ہوئے جاپان کے مختلف اداروں سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔