وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی اسلامیہ یونیورسٹی کے میڈیا اسٹڈیز ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر شہزاد رانا کی قیادت میں مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان کی ملاقات

تدریس وتحقیق کے معیار ہی کی بدولت بڑے تعلیمی ادارے اپنی خاص پہچان کے حامل ہوا کرتے ہیں۔ ہم ممکنہ طور پر بین الاقوامی اور قومی سطح کے دیگر اداروں سے باہم مشاورت و اشتراک سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے معیار کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے بھرپور کوشاں ہیں۔ہمیں اپنے اساتذہ کرام اور طلبا وطالبات کی صلاحیتوں پر فخر ہے۔ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے چیئرمین شعبہ میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر محمد شہزاد رانا کی سربراہی میں مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان کے ایک وفد سے خصوصی ملاقات میں کیا۔ وفد میں پروفیسر ڈاکٹر نوشینہ سلیم ڈائریکٹر سکول آف کمیونیکیشن اسٹڈیز پنجاب یونیورسٹی اور ڈاکٹر سلمیٰ امبر چئیرمین جی سی یونیورسٹی فیصل آباد شامل تھیں۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر نوشینہ سلیم نے مستقبل میں تحقیق اور دیگر پیشہ وارانہ امور کی انجام دہی اور باہمی شراکت سے دونوں یونیورسٹیوں کے اساتذہ کو مل جل کر میڈیا اور عصر حاضر کے معاملات کے تناظر میں کام کرنے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا جس پر وائس چانسلر نے چئیرمین شعبہ میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز کو لائحہ عمل ترتیب دینے کی ہدایت کی۔وائس چانسلر نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد شہزاد ہمیشہ کی طرح اپنے سپرد کیے گئے کام کو تن دہی اور خوش سلیقگی سے انجام دیں گے۔