وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کا اقوام متحدہ کے ادارے فوڈ اینڈ ایگری کلچرل آرگنائزیشن پاکستان آفس کا وزٹ

وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئرپروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے اقوام متحدہ کے ادارے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کے پاکستان میں دفتر کا دورہ کیااور ادارے کی نمائندہ فلورنس رول سے ملاقات کی۔ اس موقع پر فوڈ سیکورٹی اور زراعت، انٹرکراپنگ اور دیگر اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وائس چانسلر نے اس سلسلے میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی جانب سے کیے جانے والے تدریسی و تحقیقی اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اس وقت فوڈ سیکورٹی کے ضمن میں قومی اور عالمی سطح پر تعاو ن اور اشتراک کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ قومی معیشت کے لیے اہم ترین تحقیقی منصوبوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ مکئی اور سویابین کی مخلوط کاشت سمیت دیگر اہم فصلوں کے لیے نیشنل سنٹر فار انٹرکراپنگ قائم کیا گیا ہے جو چینی جامعات سے ملکر ان فصلوں کی مخلوط کاشت پر تحقیق کر رہا ہے تاکہ وطن عزیز کو خوردنی تیل کی پیداوار میں خود کفیل بنایا جا سکے اور اس کی درآمد پر خرچ ہونے والا قیمتی زرمبادلہ کی بچت ممکن ہو سکے۔اسی طرح یہ منصوبہ پولٹری فیڈ کی پیداوار میں بھی اہمیت کا حامل ہے۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی متعارف کردہ کپاس کی اقسام صوبہ پنجاب کے40فیصد رقبے پر کاشت ہو تی ہیں اور مقامی، موسمی اور جغرافیائی حالات سے مطابقت کے باعث کسان کمیونٹی میں بہت مقبول ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور حکومت پنجاب اور وفاقی اداروں کی مدد سے چولستان کو بارش کے اضافے کے پراجیکٹ کے ذریعے خصوصی ایگرواکنامک زون میں بدلنے کے منصوبے پر بھی کام جاری رکھے ہوئے ہے جو ملکی زرعی معیشت اور فوڈ سیکورٹی میں بہت اہمیت کی حامل ہے۔ فوڈاینڈ ایگریکلچر کے ادارے کی نمائندہ فلورنس رول نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے ان منصوبوں کو سراہا۔ انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زرعی تحقیقی منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے زرعی سائنسدانوں اور محققین کے ساتھ اشتراک عمل پر زور دیا۔ وائس چانسلر نے انہیں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے دورے کی دعوت دی تاکہ اقوام متحدہ کے ادارے کے ساتھ ان منصوبوں کے لیے ممکنہ اشتراک عمل اور روابط کو فروغ دیا جا سکے۔