پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے کہا ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی یونیورسٹی ہے جہاں پر ہزاروں طلبا ؤ طالبات دورِ جدید کے اہم ترین مضامین میں اپنی مہارت بڑھا رہے ہیں۔یونیورسٹی میں ایوی ایشن سائنسز کا شعبہ قائم کیا گیا ہے تاکہ جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کو اپنے علاقے میں ہی اس اہم ترین شعبہ کی تعلیم فراہم کی جاسکے۔وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار ائیر مارشل محمد مغیث افضل،چیئرمین پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس سے ایک ملاقات کے دوران کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کہا کہ یونیورسٹی میں قائم ہونے والے اس شعبے کے اساتذہ اور طلبا ؤ طالبات کی عملی تربیت کے لیے پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس جیسے عظیم اداروں سے روابط کو فروغ دیا جارہا ہے تاکہ طلباؤطالبات کی فنی مہارت میں اضافے کے ساتھ ایوی ایشن کے شعبے کے جدید رجحانات سے آگاہ کیا جاسکے۔ائیرمارشل محمدمغیث افضل نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کو خوش آمدید کہتے ہوئے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ایوی ایشن سائنسز اورمنیجمنٹ کے شعبے کے قیام کو سراہا اور اپنے ادارے کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے شعبہ ایوی ایشن سائنسز کا آغاز کیا۔ بی ایس ایوی ایشن منیجمنٹ اور بی ایس ایئرکرافٹ مینٹیننس کے پروگراموں کا آغاز کیا گیا ہے۔ سرکاری اور نجی شعبے کی جانب سے ایوی ایشن سیکٹر میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی جانب سے ڈگری پروگراموں کے آغاز کو اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ اس پیش رفت سے جنوبی پنجاب میں ایوی ایشن سیکٹر کو نئی جہت اور ترقی ملے گی۔