وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے گورنرپنجاب کواسلامیہ یونیورسٹی کی جانب سے فلڈریلیف مہم کے لیے 58 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا

گورنر پنجاب وچانسلر انجینئر محمدبلیغ الرحمن نے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے اساتذہ،ملازمین اور طلبا ؤ طالبات کی کوششوں کو سراہا ہے۔گورنر پنجاب نے ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر انجینئرپروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر نے گورنرپنجاب کواسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورکی جانب سے فلڈریلیف مہم کے لیے 58 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ وائس چانسلر انجینئرپروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے گورنر پنجاب کو اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں جاری فلڈریلیف مہم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی نے سینئرفیکلٹی ممبروفوکل پرسن فلڈریلیف مہم پروفیسرڈاکٹرآصف نویدرانجھا کی نگرانی میں اب تک دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کا راشن اور امدادی سامان راجن پور، ڈیرہ غازی خان اور اور رحیم یار خان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تقسیم کیا ہے۔ملاقات کے دوران خزانہ دار پروفیسر ڈاکٹر ابوبکر بھی موجود تھے۔وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے گورنر پنجاب کو یونیورسٹی میں جاری تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں اور احمد پور،لیاقت پور سب کیمپسزمیں داخلوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے گورنر پنجاب کو اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے 18ویں کانووکیشن اور سینٹ کے اجلاس کی صدارت کے لئے بھی درخواست کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ بہاولپور کے آئندہ دورہ میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں کانووکیشن اور دیگر سرگرمیوں میں شریک ہوں گے۔