Contact Us

کامن ویلتھ گیمز کے ہیروارشد ندیم کی اسلامیہ یونیورسٹی میں آمد اساتذہ اور طلباء کے لیے اعزاز ہے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب

wvc meets with arshad nadeem

وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کہا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز کے ہیروارشد ندیم قومی اثاثہ ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں ان کی آمداساتذہ اور طلباء کے لیے اعزاز ہے۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے ان خیالات کااظہار ارشد ندیم اور ڈائریکٹرسپورٹس ہائر ایجوکیشن کمیشن انجینئر جاوید علی میمن سے اپنے دفتر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر صنعتکار محمود مجید،ڈائریکٹر سپورٹس امجد فاروق وڑائچ، ڈین فیکلٹی آف لاء پروفیسر ڈاکٹر آفتاب حسین گیلانی، بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کھیلوں کے میدان میں صف اول کی جامعات میں شامل ہے۔ ہمارے طلباء وطالبات قومی اور بین الاقوامی سطح پر سپورٹس ایونٹس میں حصہ لیتے ہیں۔ ارشد ندیم نے کہا کہ وہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا دورہ کرکے اساتذہ اور طلباء سے ملاقات اور کیمپس کی خوبصورتی سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ ڈائریکٹرسپورٹس ایچ ای سی انجینئر جاوید علی میمن نے آل پاکستان یونیورسٹی سپورٹس بورڈ کی 56ویں سٹینڈنگ سب میٹنگ کے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں انعقاد پر چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختاراحمد کی جانب سے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں آل پاکستان یونیورسٹی سپورٹس بورڈ کی  56ویں سٹینڈنگ سب کمیٹی کا ایونٹ ہوا۔ وزیر اعظم ٹیلنٹ ہنٹ سپورٹس لیگ 23-2022 کی کمیٹی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ڈائریکٹر سپورٹس ایچ ای سی جاوید میمن نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کو دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی اس ایونٹ کے لیے محفوظ ترین جگہ ہے۔ خوشی ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی میگا ایونٹ کی میزبانی کر رہی ہے۔ ہم اپنے ہیرو ارشد ندیم کو اسلامیہ یونیورسٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ارشد ندیم نے ہمارے ملک کے جھنڈے کو سر بلند کیا۔ ہماری نوجوان نسل ایسے ہیروز کو فالو کرے اور سیکھے۔ ہم نے وومن یونیورسٹی میں لڑکیوں کے لیے تین نئی گیمز کی منظورہ دی ہے۔ اب طالبات ریسلنگ، باکسنگ اور ویٹ لفٹنگ بھی کر سکیں گی۔ ایونٹ سے قومی ہیرو ارشد ندیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے عزت دی۔آج یونیورسٹی میں جس طرح مجھے ویلکم کیا گیا اس سے مجھے بے حد مسرت ہوئی ہے۔میں ٹوکیو اولمپکس کے بعد اپنا گول سیٹ کیا اور ٹریننگ پر فوکس کیا۔ میں نے انجری کے باوجود پریکٹس کی۔میں واپڈا کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ سمیت کئی پاکستانی کھلاڑیوں کو ملازمت دی ہے۔ کامن ویلتھ گیمز سے دس روز پہلے مجھے گھٹنے میں درد شروع ہوا لیکن میری نظر گولڈ میڈل پر تھی۔میں نے اپنے میڈلز پاکستانی قوم کے نام کیے کیونکہ پوری قوم نے میرے لیے دعا کی۔نوجوانوں کو کہوں گا کہ آپ محنت کریں تو اللہ پاک اس کا پھل ضرور دیتا ہے۔ کامن ویلتھ گیمز میں 90 میٹر تھرو کیا اور گولڈ میڈل لیا۔ ڈائریکٹر سپورٹس امجد فاروق وڑائچ نے ایونٹ کے شرکاء کو خوش آمدید کہااور کہا کہ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی ہدایت پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور آل پاکستان یونیورسٹی سپورٹس بورڈ کے 56ویں سٹینڈنگ سب کمیٹی کی میزبانی کر رہی ہے اور وزیرا عظم ٹیلنٹ ہنٹ سپورٹس کمیٹی کا اجلاس بھی ہو رہا ہے۔

Presents a photo frame to arshad nadeem

مزید پڑھیں