Contact Us

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی 40طالبات کو یو ایس ایڈ کی جانب سے 9.8ملین روپے کے وظائف

USAID scholarship

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی 40طالبات کو یو ایس ایڈ کی جانب سے 9.8ملین روپے کے وظائف دیئے گئے۔اس موقع پر بغدا دالجدید کیمپس میں خصوصی تقریب میں وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب،ڈائریکٹر انفارمیشن ملتان سجاد جہانیہ،ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنس ڈاکٹر غلام حسن عباسی اور ہائرایجوکیشن کمیشن کے نمائندے فرحت عباس شریک ہوئے۔ یہ وظائف سال 2021-22کے لیے فراہم کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور طلباء و طالبات کی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے اور اس وقت کل 92کروڑ روپے کے وظائف دئیے جا رہے ہیں جن میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے علاوہ مختلف اداروں اور یونیورسٹی کے اپنے ذرائع سے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ کی جانب سے طالبات کو وظائف کی فراہمی انتہائی خوش آئند عمل ہے۔ ڈائریکٹر انفارمیشن ملتان سجاد جہانیہ نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے دورے کے موقع پر جامعہ کی تدریسی،تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ طلباء وطالبات کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہی حاصل ہوئی۔ جنوبی پنجاب ایک پسماندہ خطہ ہے اوریہاں کے طلباء وطالبات کی اکثریت اعلیٰ تعلیم کے اخراجات برداشت کرنے سے قاصر ہیں۔ یونیورسٹی کی جانب سے وظائف کی مختلف سکیمیں لائق تحسین ہیں۔ ڈاکٹر غلام حسن عباسی نے کہا کہ یو ایس ایڈ نے سال 2014سے اب تک 263طالبات کو 29.5ملین روپے کے وظائف فراہم کیے ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندے فرحت عباس نے کہا کہ یو ایس ایڈ کی جانب یہ وظائف خاص طور پر طالبات کو دیئے گئے ہیں تاکہ خطے کی سماجی اور معاشی ترقی میں حصہ لیا جا سکے۔ 

مزید پڑھیں