آیت اللہ خامنہ ای کو بہت فکر مند ہونا چاہیے: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو بہت فکرمند ہونا چاہیے۔ یہ بات صدر ٹرمپ نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران کہی۔ تاہم اس انٹرویو کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی۔ امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات آغاز سے قبل ہی خطرے میں پڑ گئے ہیں۔
اس حوالے سے امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے مذاکرات کے مقام اور نوعیت کی تبدیلی کا ایران کا مطالبہ مسترد کر دیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق اس تعطل کے باعث سفارتی راستہ بند ہو سکتا ہے اور اس طرح صدر ٹرمپ فوجی کارروائی کا فیصلہ کرنے پر آمادہ ہوسکتے ہیں۔ ایران نے گزشتہ روز مذاکرات کا مقام تبدیل کرنے، علاقائی شراکت داروں کو شامل نہ کرنے اور بات چیت صرف جوہری معاملات تک محدود رکھنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم امریکا مذاکرات میں ایرانی میزائل پروگرام سمیت دیگر امور بھی شامل کرنا چاہتا ہے۔

