امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات ہوئی ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے امریکی سینٹ کام کے کمانڈر کی ون آن ون ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دفاع، سکیورٹی اور عسکری سطح پر باہمی تعاون پر بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور امریکی سینٹ کام کمانڈر کی ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاک امریکا فوجی تربیتی تبادلہ پروگرام بھی زیر بحث آیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کمانڈر سینٹ کام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے آرمی میوزیم کا بھی دورہ کیا۔