Advertisements

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت عارف عزیز شیخ

"Unrelenting Hike in Petroleum Prices Unbearable for Public: Arif Aziz Sheikh"
Advertisements

مہنگائی کے ایک نئے طوفان نے غریب اور متوسط طبقے کی زندگی اجیرن کر دی , اس سے روزمرہ استعمال کی ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے سابق رکن قومی اسمبلی

چنی گوٹھ (نامہ نگار) سابق رکن قومی اسمبلی عارف عزیز شیخ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت بنتا جا رہا ہے اور مہنگائی کے ایک نئے طوفان نے غریب اور متوسط طبقے کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بار بار اضافے کے اثرات صرف ٹرانسپورٹ تک محدود نہیں رہتے بلکہ اس سے روزمرہ استعمال کی ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے۔

Advertisements

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عام آدمی پہلے ہی شدید معاشی دباؤ کا شکار ہے، جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہونے سے مزدور، طلبہ، ملازمین اور چھوٹے کاروبار سے وابستہ افراد سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ اسی طرح اشیائے خورونوش، سبزیوں، پھلوں، آٹے، چینی اور دیگر ضروریات زندگی کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس کے باعث عوام سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔

عارف عزیز شیخ نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ عوامی مسائل کا احساس کرتے ہوئے فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنتا جا رہا ہے جبکہ بے روزگاری اور مہنگائی نے لوگوں کو ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت نے بروقت عوام کو ریلیف نہ دیا تو مہنگائی کے منفی اثرات مزید بڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی فلاح کو ترجیح دیتے ہوئے ایسی معاشی پالیسیاں مرتب کی جائیں جن سے عام شہری کو حقیقی ریلیف مل سکے اور ملک میں معاشی استحکام پیدا ہو۔