Advertisements

صحافی برادری کا اتحاد اور پریس کلبوں کی ادارہ جاتی مضبوطی کی ضرورت

Advertisements

اداریہ – 24 اکتوبر 2025

اوچ شریف میں منعقد ہونے والا ’’جرنلسٹس الائنس کنونشن‘‘ جنوبی پنجاب کے صحافیوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے فروغ کی ایک اہم پیش رفت ثابت ہوا۔ بہاولپور، رحیم یار خان اور مظفرگڑھ اضلاع کے گیارہ پریس کلبوں اور احمد پور یونین آف جرنلسٹس کے دو سو سے زائد صحافیوں نے آزادیٔ صحافت کے دفاع، آزادیٔ اظہار کے فروغ اور علاقائی صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ شرکاء نے ہاتھوں کی زنجیر بنا کر اتحاد اور یکجہتی کی علامت پیش کی۔

Advertisements

یہ کنونشن ڈیلی نوائے احمدپورشرقیہ کے اشتراک سے منعقد ہوا جس کی صدارت ایڈیٹر و صدر رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان احسان احمد سحر نے کی۔ اس موقع پر احسان احمد سحر نے اپنے صدارتی خطاب میں حال ہی میں سیل ہونے والے گوجرانوالہ اور احمد پور شرقیہ پریس کلبز اور گزشتہ سال ڈیرہ غازی خان پریس کلب کی سیلنگ کا حوالہ دیتے ہوئے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ اس طرح کے اقدامات صحافت کے ادارہ جاتی ڈھانچے کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے اوچ شریف اور احمد پور شرقیہ کے تمام گروپوں کے قائدین پر زور دیا کہ وہ صحافی برادری کے وسیع تر مفاد میں باہمی مکالمہ اور اتفاقِ رائے کی فضا قائم کریں تاکہ اس طرح کے ناخوشگوار واقعات کا تدارک کیا جا سکے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ رورل اور چھوٹے شہروں کے پریس کلبوں کی باقاعدہ رجسٹریشن متعلقہ سرکاری محکموں، مثلاً سوشل ویلفیئر یا انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ سے کروانا از حد ضروری ہے تاکہ یہ ادارے ملکی و غیر ملکی فنڈز قانونی طور پر حاصل کر سکیں۔

احسان احمد سحر کی دعوت پر احمد پور شرقیہ اور اوچ شریف کے تمام صحافتی گروپوں کے قائدین اور عہدیداران نے بھرپور شرکت کی اور ان کی تجاویز کی تائید کی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ باہمی تعاون کو فروغ دے کر پیشہ ورانہ تربیت، آزادیٔ صحافت کے دفاع اور ادارہ جاتی مضبوطی کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔

احسان احمد سحر نے زور دیا کہ چھوٹے شہروں کے صحافی اپنے اپنے پریس کلب کے لیے عمارت کے حصول کی کوشش کریں اور موجودہ ڈیجیٹل دور میں صحافیوں کو درپیش خطرات سے آگاہی کے لیے پیکا ایکٹ اور پنجاب کے ہتک عزت قانون کا اردو ترجمہ تیار کروا کر اپنے اراکین میں تقسیم کریں تاکہ وہ قانونی پہلوؤں سے بہتر طور پر واقف ہو سکیں۔

انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان، الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک کے اشتراک سے مذکورہ گیارہ پریس کلبوں اور احمد پور یونین آف جرنلسٹس کے اراکین کے لیے جلد موبائل جرنلزم تربیتی ورکشاپ منعقد کرے گا۔ مزید برآں انہوں نے مرحوم مظہر رشید مسن (سابق صدر پریس کلب مبارک پور) کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں ’’مظہر رشید بیسٹ رپورٹنگ کمیونٹی ایوارڈ‘‘ کے اجراء کا اعلان کیا، جو اس سال پریس کلب چنی گوٹھ کے صدر شاہد بشیر چوہدری کو دیا جائے گا۔

تقریب کے اختتام پر احسان احمد سحر نے تمام شرکاء میں شرکت کے سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔ بعد ازاں اوچ پریس کلب نے شرکائے کنونشن کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا۔

’’جرنلسٹس الائنس کنونشن‘‘ جنوبی پنجاب کے صحافیوں کے لیے اتحاد، مکالمے اور ادارہ جاتی استحکام کی نئی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ اس کے نتائج اس حقیقت کو اجاگر کرتے ہیں کہ صحافت کی بقا اور پیشہ وارانہ ترقی کے لیے مقامی پریس کلبوں کی قانونی رجسٹریشن، تربیت اور باہمی اعتماد کی بحالی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے