یونین کونسل چنی گوٹھ کو ٹاؤن کمیٹی کا درجہ دے کر نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا
چک نمبر 160 این پی، چک نمبر 159 این پی اور چک نمبر 158 این پی مکمل طور پر شہری علاقے ہیں، مگر انہیں ٹاؤن کمیٹی کی حدود میں شامل نہیں کیا گیا
ٹاؤن کمیٹی کی حدود پر نظرثانی کی جائے اور نظرانداز کیے گئے شہری علاقوں کو بھی ٹاؤن کمیٹی میں شامل کیا جائے علاقہ مکینوں کا اعلیٰ حکام سے مطالبہ
چنی گوٹھ (نامہ نگار) حکومت کی جانب سے یونین کونسل چنی گوٹھ کو ٹاؤن کمیٹی کا درجہ دے کر باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قائم کی جانے والی ٹاؤن کمیٹی میں کچھ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ بیشتر دیہاتی علاقوں کو شامل کیا گیا ہے، تاہم کئی اہم شہری علاقوں کو شامل نہ کیے جانے پر علاقہ مکینوں میں شدید تشویش اور تحفظات پائے جاتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چک نمبر 160 این پی، چک نمبر 159 این پی اور چک نمبر 158 این پی مکمل طور پر شہری علاقے ہیں، مگر انہیں ٹاؤن کمیٹی کی حدود میں شامل نہیں کیا گیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ علاقے آبادی، رہائشی سہولیات اور شہری نوعیت کے تمام تقاضے پورے کرتے ہیں، اس کے باوجود انہیں نظرانداز کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔دوسری جانب نوٹیفکیشن کے مطابق ٹاؤن کمیٹی چنی گوٹھ میں چنی گوٹھ شہر، موضع ارائیں والا، چک نمبر 157 این پی اور چک نمبر 156 این پی کو شامل کیا گیا ہے، جس پر متاثرہ علاقوں کے شہریوں نے سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ٹاؤن کمیٹی کی تشکیل میں شفافیت اور مساوات کو یقینی بنایا جائے۔
علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹاؤن کمیٹی کی حدود پر نظرثانی کی جائے اور نظرانداز کیے گئے شہری علاقوں کو بھی ٹاؤن کمیٹی میں شامل کیا جائے تاکہ تمام شہری یکساں ترقیاتی سہولیات اور بلدیاتی حقوق سے مستفید ہو سکیں۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے جائز مطالبات پر توجہ نہ دی گئی تو وہ احتجاج سمیت دیگر قانونی راستے اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔

