یونائیٹڈ نیشنز ڈویلپمنٹ پروگرام کی ٹیم کا اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا دورہ

یونائیٹڈ نیشنز ڈویلپمنٹ پروگرام کے نمائندہ نٹ اوسٹبی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا دورہ کیا اور وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب سے ملاقات کی۔ دورے کا مقصد فیکلٹی اور طلبا سے اقوام متحدہ کی دیرپا ترقی کے اہداف (سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گول) اور جنوبی پنجاب کی ضروریات سے متعلق گفتگو کرنا تھا۔وفد کے ارکان میں این کرسٹین اوسٹبی،عمارہ درانی، عمرا خلاق ملک، ماہین راشد، ظفر قریشی، شجاع حاکم، فیصل اعوان اور مریم رضا شامل تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور عالمی سطح کی یونیورسٹی ہے جہاں آرٹس، سماجی علوم، سوشل سائنسز، پروفیشنل مضامین سمیت 300سے زائدمضامین بی ایس سے پی ایچ ڈی سطح تک پڑھائے جاتے ہیں۔ تدریس و تحقیق میں اعلیٰ معیار کے باعث یونیورسٹی قومی اور عالمی سطح پر رینکنگ میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ معزز مہمان نے کہا کہ یونائیٹڈ نیشنز ڈویلپمنٹ پروگرام نے پاکستان نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ جاری کی اور دیرپاترقی کے اہداف کے حصول کے لیے پاکستان کی کوششوں اور ان پر عملدرآمد کے لیے مقامی اداروں کے ساتھ اشتراک کار میں مصروف عمل ہیں۔ جامعہ اسلامیہ جنوبی پنجاب کی اہم ترین یونیورسٹی ہونے کے ناطے اس خطے میں سماجی اور معاشی اہداف کے حصول میں درپیش مسائل اور ان کے حل کا جائزہ لینے کے لیے اساتذہ اور طلبا سے گفتگو ضروری ہے۔ وائس چانسلر نے وفد کی آمدکو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور عملی طور پر اقوام متحدہ کے دیرپا ترقی کے اہداف کے حصول میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔یونیورسٹی نے گر ین کیمپس مینجمنٹ پروگرام کا آغاز کیا ہے تاکہ ماحولیات کے حوالے سے مسائل کو ماحول دوست اقدامات کے ذریعے یونیورسٹی کیمپس میں نافذ کیا جائے اور کیمپس کو ماحول دوست بنایا جائے۔ توانائی، پانی، پلاسٹک، کاغذ کے فی کس خرچ کو کم کرتے ہوئے کم سے کم کوڑاکرکٹ پیدا ہو۔ یونیورسٹی کا انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ ماحول دوست ہو اور مجموعی طور پر ایک دیرپا نوعیت کا حامل کیمپس ہو جو ماحولیاتی چیلنجز میں کامیابی سے چل سکے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں 2.5میگا واٹ کا شمسی توانائی کا منصوبہ لگایا گیا ہے تاکہ قابل تجدید توانائی کو استعمال کرتے ہوئے اخراجات کی بچت ہو اور ماحول دوست توانائی میسر ہو۔ بہاولپور کے خراب ایئر کوالٹی انڈیکس پر تحقیق کے لیے ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کے ساتھ مل کر جدید ترین آلات کی مدد سے یونیورسٹی ماہرین کی طرف سے تحقیق جاری ہے تاکہ شہر کو درپیش اس ماحولیاتی مسئلے کے لیے قابل عمل حل تجویز کیا جا سکے۔ اس موقع پر وفد کو مصنوعی بارش کے منصوبے کے ذریعے چولستان کے لاکھوں ایکٹر رقبے کی آبادکاری کے منصوبے سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، ڈاکٹر آصف نوید رانجھا، ڈاکٹر غلام حسن عباسی،شہزاد احمد خالد، ڈاکٹر اظہر حسین، ڈاکٹر محمد نوید اسلم،ڈاکٹر اریبہ خان، ڈاکٹر حسن دانیال،ڈاکٹر نوین جاوید، ڈاکٹر وردہ نجیب، فاطمہ مظاہر،نادیہ حسن، راحین فاطمہ خان، ڈاکٹر عالیہ احمد شیخ، دیگر افسران اور طلباء وطالبات نے شرکت کی۔
