انڈر -16 سکول کرکٹ ٹورنامنٹ ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں اکتوبر میں منعقد ہوگا

بہاول پور: 28/ستمبر حکومت پنجاب کی ہدایت پر کرکٹ کے کھیل کو فروغ دینے کے لیے انڈر -16 سکول کرکٹ ٹورنامنٹ ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں اکتوبر میں منعقد ہوگا جس میں سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کے طلبہ حصہ لیں گے۔ اس سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ کی زیر صدارت دفتر کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیواعتزاز انجم، چیف ایگزیکٹوآفیسر تعلیم ظہور احمد چوہان، چیف آفیسر ضلع کونسل میاں اظہر جاوید، فوکل پرسن محمد رشید چیمہ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عامر حمید، آفیسر میونسپل کارپوریشن عبدالحکیم انجم اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔حکومت پنجاب اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے اشتراک سے منعقد کئے جانے والے انڈر 16 کرکٹ ٹورنامنٹ کے انتظامی اجلاس سے ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ انڈر-16کرکٹ ٹورنامنٹ کے تمام انتظامات بروقت اور شاندار انداز میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سرکاری و پرائیویٹ سکولوں کے ہونہار کھلاڑیوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے اور انھیں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے مواقع فراہم کیے جائیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ انڈر16- کرکٹ ٹورنامنٹ میں مختلف سکولوں کی12ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن میں سے تین ٹیمیں پرائیویٹ سکولوں کی شامل ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا جس میں چالیس چالیس اوورز کے ون ڈے میچ کھیلے جائیں گے اور یہ ٹورنامنٹ چار پولز پر مشتمل ہوگا۔