اخبار پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

اوچ شریف کا زیرزمین پانی سنکھیا، ٹی ڈی ایس اور مختلف اقسام کے بیکٹریا سے انتہائی خطرناک حد تک آلودہ

Uchsharif Doctors

آلودہ پانی پینے سے لوگوں کو جلد کی بیماریاں، سانس کے امراض، مثانے کا سرطان اور امراضِ قلب لاحق ہو سکتے ہیں

رورل ہیلتھ کمپلیکس اوچ شریف کے سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر رانا محمد ارشد اور طبی ماہرین ڈاکٹر فیض اللہ حجازی، ڈاکٹر محمد اجمل بھٹی، ڈاکٹر فرحت عباس محسن، ڈاکٹر عزیز الرحمن گبول ،ڈاکٹر محمد شاہد قریشی، ڈاکٹر عثمان ظفر اور ڈاکٹر حمیرہ ذوالفقار کی میڈیا سے گفتگو

اوچ شریف ( ارشاد احمد شاد سے) اوچ شریف کا زیرزمین پانی سنکھیا، ٹی ڈی ایس اور مختلف اقسام کے بیکٹریا سے انتہائی خطرناک حد تک آلودہ، ہیپاٹائٹس اور دیگر موذی امراض میں اضافہ، پینے کے لیے صاف پانی کا حصول شہریوں کے لیے چیلنج بن گیا۔ گلی محلوں میں زیرزمین پانی کو منرل واٹر بنا کر عوام کو لوٹنے کا عمل بھی دھڑلے سے جاری، حکومتی اقدامات دعوؤں تک محدود، تفصیلات کے مطابق اوچ شریف اور گردونواح کے علاقوں میں زیرزمین پانی سنکھیا، ٹی ڈی ایس اور مختلف اقسام کے بیکٹریاز کے باعث انتہائی خطرناک حد تک آلودہ ہو چکا ہے، مضر صحت پانی کا استعمال ہیپاٹائٹس سمیت کئی سنگین بیماریوں کا سبب بن رہا ہے، جب کہ پانی میں آرسینک کی موجودگی جلد کی خرابی کا سبب بن رہا ہے۔ کچھ عرصہ قبل کونسل برائے تحقیقات آبی وسائل (پی سی آر ڈبلیو آر) کی طرف سے پورے شہر کے مختلف علاقوں سے زیرزمین پانی کے واٹر ٹیسٹنگ سیمپلز کی جانچ پڑتال کرائی گئی تھی جن میں سے تمام نمونے غیر معیاری نکلے تھے، سنکھیا، ٹی ڈی ایس اور بیکٹریا کے ساتھ پانی کا استعمال نہ صرف مضرصحت ہے بلکہ سنکھیا سمیت پانی میں شامل مختلف دھاتیں انسانی جسم میں کینسر، ہیپاٹائٹس سمیت موذی امراض کے پھیلاؤ کا سبب بن رہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اوچ شریف میں کینال ریسٹ ہاؤس، واٹر ورکس چوک، مخدوم پور اور عید گاہ کے مقامات پر پینے کے صاف پانی کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے گئے ہیں جو تقریباً ایک لاکھ سے زائد آبادی والے شہر میں بچوں، بڑوں بزرگوں اور خواتین کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے ناکافی ہیں، پینے کے صاف پانی کی قلت کو دیکھتے ہوئے کئی علاقوں کے گلی محلوں میں زیر زمین پانی کو منرل واٹر بنا کر تیاری کا عمل بھی جاری ہے، جس پر نہ تو فوڈ اتھارٹی نہ ہی کوالٹی کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اپنا کوئی کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ رورل ہیلتھ کمپلیکس اوچ شریف کے سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر رانا محمد ارشد اور دیگر طبی ماہرین ڈاکٹر فیض اللہ حجازی، ڈاکٹر محمد اجمل بھٹی، ڈاکٹر فرحت عباس محسن، ڈاکٹر عزیز الرحمن گبول ،ڈاکٹر محمد شاہد قریشی، ڈاکٹر عثمان ظفر اور ڈاکٹر حمیرہ ذوالفقار نے میڈیا کو بتایا کہ آلودہ پانی پینے سے لوگوں کو جلد کی بیماریاں، سانس کے امراض، مثانے کا سرطان اور امراضِ قلب لاحق ہو سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ آلودگی سے پاک پانی کی فراہمی کو یقینی بنا کر لوگوں کو ایسی بیماریوں کا شکار ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔ڈاکٹر حمیرا ذوالفقار علی نے خاص طور پر خواتین سے اپیل کی کہ وہ اپنے شیر خوار بچوں کو گھر کا بوائل کیا ہوا پانی دیں اور فیڈرز کو اچھی طرح دھوئیں، تاکہ بچوں کی صحت متاثر نہ ہو۔مزید انہوں نے میڈیا کے توسط سے شہریوں کو اپنے پیغام میں کہا کہ شہریوں کے لیے یہ صورتحال نہایت تشویشناک ہے، اور فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ عوام کی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ اگر اس مسئلے پر توجہ نہ دی گئی تو شہریوں کی زندگیوں پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جس کے دور رس نتائج ہو سکتے ہیں۔


مزید پڑھیں