اوچ شریف: تاریخی صدر بازار میں سیوریج کا ناقص نظام، گندے پانی کا جمع ہونا، ٹوٹے پھوٹے راستے اور ٹف ٹائلز کی عدم دستیابی
تاجروں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں جبکہ گاہکوں کی آمد میں بھی کمی واقع ہوئی ہے
صدر بازار کا فوری معائنہ کروا کر سیوریج، نکاسی آب، ٹف ٹائلز، راستوں کی تعمیر و مرمت اور صفائی کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کیے جائیں تاجر برادری کا ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے مطالبہ
اوچ شریف (کرائم رپورٹر) قدیمی و تاریخی صدر بازار اوچ شریف ڈسٹرکٹ و تحصیل انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث بنیادی سہولیات کے فقدان اور متعدد مسائل کا شکار ہو گیا۔ بازار میں سیوریج کا ناقص نظام، گندے پانی کا جمع ہونا، ٹوٹے پھوٹے راستے اور ٹف ٹائلز کی عدم دستیابی کے باعث تاجروں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تاجر برادری کا کہنا ہے کہ عرصہ دراز سے مین بازار کے مسائل حل نہیں کیے گئے، جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں جبکہ گاہکوں کی آمد میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ تاجروں کے مطابق ایک طرف حکومت کی جانب سے مختلف ٹیکسز اور دیگر مالی بوجھ بڑھایا جا رہا ہے، دوسری جانب بنیادی سہولیات فراہم نہ ہونے سے کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔
تاجروں نے شکوہ کیا کہ زمینی حقائق کے برعکس افسران بالا کو ’’سب اچھا‘‘ کی رپورٹس پیش کی جا رہی ہیں، جبکہ تاریخی بازار کے مسائل جوں کے توں موجود ہیں۔ گندے پانی، خراب راستوں اور صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث شہریوں کو بھی آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
تاجر برادری نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ اوچ شریف کے صدر بازار کا فوری معائنہ کروا کر سیوریج، نکاسی آب، ٹف ٹائلز، راستوں کی تعمیر و مرمت اور صفائی کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کیے جائیں تاکہ تاجروں اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ اور کاروباری سرگرمیوں کی بحالی ممکن ہو سکے۔

