رحیم یار خان ائیرپورٹ پر وزیر اعظم شہباز شریف اور متعدد وزراء نے ان کا استقبال کیا
رحیم یار خان: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان کے دورے کے دوران رحیم یار خان پہنچے ائیرپورٹ پر وزیر اعظم شہباز شریف اور متعدد وزراء نے ان کا استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے تاریخی تعلقات اور مشترکہ تعاون کو بڑھانے کے مواقع کا جائزہ لیا، مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے خاص طور پر معیشت، تجارت اور ترقی کے شعبوں میں تعاون کے مختلف راستوں پر تبادلہ خیال کیا اس کے علاوہ متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور بھی زیر غور آئے، اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تاریخی تعلقات پر فخر ہے۔
ذرئع کے مطابق صدر یو اے ای نے رحیم یار خان آنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں صدر یو اے ای نے وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنے کا بھی عندیہ دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ محمد بن زید النہیان نے شہباز شریف کو کہا کہ آپ تیاری کریں، یو اے ای پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرے گا۔