کھلے گٹرمیں گر کر دو نوجوان جاں بحق احمدپورشرقیہ سنوار وتحریک کا چوک منیر شہید پر احتجاج

احمدپورشرقیہ (نامہ نگار ) کھلے گٹرمیں گر کر دو نوجوان جاں بحق ۔ ریسکیو ٹیم نے دو گھنٹے کی جد وجہد کے بعد لاشوں کونکال کر ہسپتال منتقل کردیا ۔ شہریوں کی جانب سے گٹروں پر ڈھکن نہ رکھنے پر بلدیہ کے خلاف احتجاج، تفصیل کے مطابق گزشتہ روز رات کے تقریباً گیارہ بجے ، نواحی علاقہ کنڈے والا پُل کے رہائشی ریلوے اسٹیشن روڈ پر واقع چوک منیر شہید کے قریب کھلے گٹرمیں ایک نوجوان گر گیا۔ دوسرا دوست اسے بچاتے ہوئے گٹر میں گرگیا۔ جس کی اطلاع ریسکیو 1122کو دی گئی ۔ مقامی ریسکیو اور بہا ول پور سے آئی ہوئی ٹیم نے دو گھنٹے کی جد وجہد کے بعد سترہ سالہ کلیم اللہ، اور سولہ سالہ محمد اویس کی لاشوں کو گٹر سے نکال کر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ دریں اثناء احمدپورشرقیہ سنوار وتحریک کے سربراہ ڈاکٹر حسنین معاویہ کی قیادت میں تحریک کے عہدیداروں اور شہریوں نے چوک منیر شہید پر بلدیہ کی جانب سے گٹروں کے ڈھکن نہ رکھنے پر چوک منیر شہید پر احتجاج کیا گیا ڈاکٹر حسنین معاویہ نے کہا کہ ہم نے کئی مرتبہ مقامی انتظامیہ اور بلدیہ کی توجہ اس جانب دلائی ہے مگر بلدیہ نے اس سلسلہ میں کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان دو نوجوانوں کے علا وہ اب تک کئی شہری ان کھلے مین ہولوں میں گر کر زخمی ہوچکے ہیں۔ مگر بلدیہ والوں نے آنکھیں بند کررکھی ہیں۔