بہاول پور:5/ اپریل: ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ نے ستلج ٹول پلازہ پر گندم کی غیر قانونی نقل وحرکت روکنے کے لیے کاروائی عمل میں لاتے ہوئے گندم سے بھرے ہوئے دو ٹرک قبضہ میں لے کر پولیس کے حوالے کر دیے اور مزید قانونی کارروائی کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے گزشتہ رات ستلج ٹول پلازہ بہاول پور پر محکمہ خوراک کے افسران اور پولیس کے ہمراہ غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گندم کے 2ٹرک موقع پر پکڑ کر ملوث افراد کو قانون کے حوالے کردیا۔ اس موقع ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی وضع کردہ پالیسی کے مطابق گندم کی بین الاضلاعی ترسیل پر پابندی کے حکمنامے پر سختی سے عمل درامد کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کی جائے گی۔