اسلامیہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام سوشل سائنسز اینڈ ہومنیٹیز پر دو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس کا آغاز

شعبہ مطالعہ پاکستان اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام سوشل سائنسز اینڈ ہومنیٹیز کے عنوان پر دو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس کا آغاز ہو گیا ہے۔ افتتاحی سیشن کی صدارت انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر نے کی جبکہ پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی وائس چانسلر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ کانفرنس میں امریکہ، جرمنی، برطانیہ، اٹلی، ملائیشیا اور پاکستان سے آئے ہوئے مندوبین شریک ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے اپنے خطاب میں کہا کہ سماجی علوم کے ماہرین کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر مختلف مسائل اور چیلنجز سے متعلق تبادلہ خیال اور اُن سے متعلق حل کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نواب آف بہاول پور کے ویژن کے مطابق قائم کی گئی جو آج شعبہ جات اور طلباء وطالبات وفیکلٹی کے اعتبار سے ملک کی ایک بڑی جامعہ بن چکی ہے۔ یہ جامعہ تدریسی اور تحقیق میں اعلیٰ معیار کو یقینی بناتے ہوئے سماجی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ وائس چانسلر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسرڈاکٹر منظور اکبر کنڈی نے سماجی علوم اور ہیومنیٹیز کے موضوع پر ہونے والی کانفرنس کے انعقاد کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ مختلف شعبوں سے آئے ملکی اور غیر ملکی مندوبین اس موقع پر اساتذہ اور محققین کو اپنے وسیع تجربے اور مشاہدے سے مستفید کریں گے۔ کانفرنس کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر آفتاب حسین گیلانی نے کانفرنس کے انعقاد میں خصوصی دلچسپی پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کا شکریہ ادا کیا اور ملکی اور غیر ملکی مندوبین کی آمد کو سراہا۔ ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹرروبینہ بھٹی نے کہا کہ سماجی علوم پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں سیریز آف کانفرنس ہو رہی ہے جو اس شعبے میں محققین کے لیے اچھی خبر ہے۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر اقبال اختر فلوریڈا انٹرنیشنل یونیورسٹی اورروہل یونیورسٹی جرمنی کے استاد پروفیسر ڈاکٹر اسلم سید نے سماجی علوم میں تحقیق پر کلیدی خطاب کیا۔ ممبر سینڈیکیٹ پروفیسر حمید رضا صدیقی نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے یونیورسٹی کی غیر معمولی ترقی کو یقینی بناتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ایک بہترین مثال قائم کی ہے اور دنیا بھر سے ماہرین کی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ یونیورسٹی تدریس اور تحقیق میں کارہائے نمایاں سرانجام دے رہی ہے۔کانفرنس کے پہلے روز پانچ سیشن منعقد ہوئے۔ پاکستان میں فیڈرل ازم کے موضوع پر منعقد ہونے والے پہلے سیشن کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر جاوید سلیانہ نے کی۔ دوسرا سیشن پروفیسر ڈاکٹر عصمت ناز کی زیر صدارت پاکستان میں الیکٹورل پولیٹکس کے موضوع پر منعقد ہوا۔تیسرا سیشن پروفیسر ڈاکٹر فخرالاسلام کی زیر صدارت پاکستان میں مختلف نسلی، مذہبی اور سیاسی طبقات کے موضوع پر ہوا۔ چوتھے سیشن میں جنوبی ایشیا میں اقلیتوں کے حالات پرتبادلہ خیال کیا گیا اور منعقد ہونے والے سیشن کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر محبوب حسین چیئر مین شعبہ سیاسیات پنجاب یونیوسٹی نے کی۔ کانفرنس میں پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم ڈین فیکلٹی آف سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن ڈین فیکلٹی آف اسلامک لرننگ، پروفیسر ڈاکٹر اختر علی، ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن، پروفیسر ڈاکٹر معظم جمیل رجسٹرار اور ایم فل وپی ایچ ڈی سکالرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔



