چنی گوٹھ :کرم واہ نہر میں عاشق آباد کے قریب 20 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے نہری بند ٹوٹ گیا

سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی زیر آب آگئی اور گندم کی تیار فصل تباہ ہوگئی۔متاثرہ کسانوں کا حکومت سے معاوضے اور نہری نظام کی بہتری کے لیے اقدامات اٹھانے کا بھی مطالبہ
چنی گوٹھ (نامہ نگار) کرم واہ نہر میں عاشق آباد کے قریب 20 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے نہری بند ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی زیر آب آگئی اور گندم کی تیار فصل تباہ ہوگئی۔ علاقہ مکینوں کے مطابق نہر کی غیر قانونی کھدائی اور پشتوں کی کمزوری شگاف کی بنیادی وجوہات ہیں۔ اطلاعات کے مطابق میٹ عبدالرزاق نامی شخص نے مبینہ طور پر رشوت لے کر ٹرالیوں کے حساب سے نہر کی گہرائی سے مٹی نکلوائی، جس سے نہری پشتے کمزور ہوگئے اور بند ٹوٹ گیا۔ مگر عبد الرزاق میٹ نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے ۔کاشتکاروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام، چیف انجینئر انہار اور دیگر متعلقہ اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرپٹ اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ غریب کسانوں کو اس قسم کے نقصانات سے بچایا جا سکے۔ متاثرہ کسانوں نے حکومت سے معاوضے اور نہری نظام کی بہتری کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔