ٹرمپ نے خامنہ ای کے قتل کی سازش کو ویٹو کردیا: رائٹرز

واشنگٹن : اسرائیل کی جانب سے آیت اللہ خامنہ ای کے قتل کی منصوبہ بندی کا انکشاف ہوا- برطانوی خبررساں ایجنسی” رائٹرز ” نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر کے قتل کی اسرائیلی سازش کو ویٹو کردیا۔ امریکی انتظامیہ کے 2اہم اہلکاروں نے "رائٹرز” سے گفتگو میں سازش کا انکشاف کیا کہ چند روزقبل امریکی صدر نے اسرائیل کے منصوبے کو مسترد کیا۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے اس خبر پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر سے بات چیت کی بہت سی غلط رپورٹس ہیں جوکبھی ہوئی ہی نہیں، میں ان باتوں میں پڑنے والا نہیں۔ نیتن یاہو نے کہا کہ ہمیں جوکرنےکی ضرورت ہوتی ہے وہ کرتےہیں اور آئندہ بھی کریں گے، امریکا جانتا ہے کہ اس کے لیے بہتر کیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای پر حملہ خارج از امکان نہیں ہے۔ اس کے علاوہ اسرائیلی فوج کے ترجمان ایفی ڈیفرین سے سوال کیا گیا کہ کیا اسرائیل ایرانی سپریم لیڈر کو قتل کرنے کی کوشش کر رہا ہے؟ اس پر اسرائیلی فوجی ترجمان نے کہا کہ وہ اس بات کی وضاحت نہیں کریں گے کہ آیا خامنہ ای ہدف ہیں یا نہیں۔