ترنڈہ محمد پناہ: پولیس مقابلے میں بوکھا گینگ کا سرغنہ آمین عرف مینہ بوکا ساتھی سمیت ہلاک
فائرنگ کے دوران جن پور ملک پور کا رہائشی ایک راہ گیر بشیر احمد بھٹی جاں بحق ہوگیا جبکہ سی سی ڈی کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوا
بوکھا گینگ کے سرغنہ کا تعلق کہروڑ پکا سے تھا اور وہ عرصہ دراز سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا
ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چھٹہ نے کامیاب کارروائی پر سی سی ڈی اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی
جن پور( نامہ نگار)تھانہ ترنڈہ محمد پناہ کی حدود قومی شاہراہ ملک پور کے قریب پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے خطرناک پولیس مقابلے میں بوکھا گینگ کا سرغنہ آمین عرف مینہ بوکا اپنے ایک ساتھی سمیت ہلاک ہوگیا پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا آمین عرف مینہ بوکا ضلع بہاولپور ضلع لودھراں ضلع رحیم یار خان سمیت دیگر اضلاع میں سنگین جرائم کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھا جبکہ اس کے خلاف ڈکیتی، راہزنی اور دیگر سنگین نوعیت کے درجنوں مقدمات درج تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم کا تعلق کہروڑ پکا سے تھا اور وہ عرصہ دراز سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا اطلاعات کے مطابق پولیس کو ملزمان کی موجودگی کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی جس پر سی سی ڈی لیاقت پور بہاولپور رحیم یار خان لودھراں اور ضلعی پولیس رحیم یار خان نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں ناکہ بندی کی۔ اس دوران ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، جس کے جواب میں پولیس نے بھی بھرپور کارروائی کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں آمین عرف مینہ بوکا اور اس کا ایک ساتھی مارے گئے۔ پولیس مقابلے میں سی سی ڈی لیاقت پور لودھراں، بہاولپور اور رحیم یار خان کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ فائرنگ کے دوران جن پور ملک پور کا رہائشی ایک راہ گیر بشیر احمد بھٹی جاں بحق ہوگیا جبکہ سی سی ڈی کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوا، جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا سی سی ڈی پولیس لیاقت پور نے ہلاک ہونے والے ملزمان کی لاشیں تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی ہے جبکہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے
ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چھٹہ نے کامیاب کارروائی پر سی سی ڈی اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔۔۔۔

