Contact Us

حمزہ شہباز شریف سے فیڈریشن آف سعودی چیمبرز کے تجارتی وفد کی فہد الباش کی قیادت میں ملاقات

Trade delegation of Federation of Saudi Chambers led by Fahad Al-Bash meets Hamza Shahbaz Sharif

چولستان میں صحرا کی ہزاروں ایکڑ اراضی کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نخلستان میں تبدیل کیا جا سکتا ہے وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور22جون:  وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے فیڈریشن آف سعودی چیمبرز کے تجارتی وفد نے فہد الباش کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں سعودی سرمایہ کار اور کاروباری شخصیات شامل تھیں۔ سعودی وفد نے پنجاب میں زراعت، سوشل سیکٹر، لائیو سٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے  سازگار ماحول ہے اور وقت آگیا ہے کہ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو پائیدار معاشی شراکت داری میں بدلیں۔چولستان میں صحرا کی ہزاروں ایکڑ اراضی کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نخلستان میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔اکنامک پارنٹر شپ کے فروغ سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب میں زراعت لائیوسٹاک اور  سماجی شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا بہترین قابل اعتماد دوست ہے۔سعودی عرب نے آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔پنجاب اور اس کے عوام سعودی عرب کے تعاون کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے سراہتے ہیں۔ سعودی وفد کے سربراہ فہد الباش نے کہا کہ پنجاب میں زراعت، لائیو سٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ صوبائی وزیر سردار اویس لغاری نے  بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ صوبائی وزیر سردار اویس لغاری، خواجہ احمد حسان، عبدالعلیم خان، تہیہ نون، سائرہ افتخار، علی رضا، چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نعمان کبیر، دیگر عہدیداران اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید پڑھیں