توشہ خانہ کیس، عمران خان کا عدالت میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ
اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان نے آج توشہ خانہ کیس میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی تھریٹ کے باعث چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد کچہری میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا، سکیورٹی ٹیم نے عمران خان کو گزشتہ سماعت کے دوران عدم سکیورٹی کے حوالے سے بریف کیا، لیگل ٹیم نے بھی قانونی پہلوؤں سے متعلق عمران خان کو آگاہ کیا۔
لیگل ٹیم آج حفاظتی ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرے گی اور ایڈشنل سیشن جج کا فیصلہ چیلنج کیا جائے گا، وکلاء عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کی اجازت کی استدعا کریں گے، سابق وزیر اعظم کی حفاظتی ضمانت کیلئے آج لاہور ہائیکورٹ سے بھی رجوع کیا جائے گا۔
سیشن عدالت نے عمران خان کو آج توشہ خانہ کیس میں ذاتی حیثیت میں طلب کررکھا ہے جبکہ پولیس عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری سے متعلق آج سیشن عدالت کو آگاہ کرے گی۔