آج اردو کے مشہور ترقی پسند شاعر، افسانہ نگار، صحافی، مدیر، کالم نگار اور ادیب احمد ندیم قاسمی کا جنم دن ہے

Ahmad Nadeem Qasmi

لاہور (نوائے احمد پور شرقیہ رپورٹ/ ہفتہ، 20 نومبر 2021ء) آج اردو کے مشہور ترقی پسند شاعر، افسانہ نگار، صحافی، مدیر، کالم نگار اور ادیب احمد ندیم قاسمی کا جنم دن ہے، ترقی پسند تحریک سے وابستہ نمایاں مصنفین میں شمار ہونے والے اور اسی وجہ سے دو مرتبہ گرفتار ہونے والے احمد ندیم قاسمی 20 نومبر 1916 کو مغربی پنجاب کی وادی سون سکیسر کے گاؤں انگہ ضلع خوشاب میں پیدا ہوئے، اصل نام احمد شاہ تھا اور اعوان برادری سے تعلق رکھتے تھے۔ ندیم ان کا تخلص تھا۔ آپ کے والد پیر غلام نبی مرحوم اپنی عبادت، زہد تقویٰ کی وجہ سے اہل اللہ میں شمار ہوتے تھے ندیم کی ابتدائی تعلیم گاؤں میں ہوئی۔ 1923ء میں والد کے انتقال کے بعد اپنے چچا حیدر شاہ کے پاس کیمبل پور چلے گئے۔ وہاں مذہبی، عملی، اور شاعرانہ ماحول میسر آیا۔ 1931ء میں میٹرک کیا اور صادق ایجرٹن کالج بہاول پور میں داخل ہو گئے جہاں سے 1935ء میں بی۔ اے۔ کیا۔

سن 1939 میں محکمہ آب کاری میں ملازم ہو گئے، 1942 میں مستعفی ہو کر لاہور چلے آئے۔ "تہذیب نسواں” اور "پھول” کی ادارت سنبھالی 1943ء میں "ادب لطیف” کے ایڈیٹر مقرر ہوئے، تقسیم کے بعد ڈیڑھ سال ریڈیو پشاور میں ملازم رہے، پھر ہاجرہ مسرور سے مل کر "نقوش” کی ادارت سنبھالی اور "امروز” سے بھی وابستہ رہے اور اس میں "حرف و حکایت” کے عنوان سے کالم "عنقا” کے قلمی نام سے لکھتے رہے، اپنے زیرادارت ایک ادبی پرچہ "فنون” جاری کیا،آپ نے ادب کی ہر صنف میں طبع آزمائی کی۔ افسانے اور غزل کے حوالے سے بہت شہرت حاصل کی، اردو دب کے اس عظیم تخلیق کار کو 8 جولائی 2006ء کو سانس کی تکلیف کے باعث لاہور کے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں داخل کروایا گیا جہاں انہیں عارضی تنفس فراہم کیا گیا تاہم 10 جولائی 2006ء کی صبح کو وہ انتقال کر گئے۔