مجموعی طور پر اسلامیہ یونیورسٹی پنجاب بھر میں دوسری اور پاکستان میں سرکاری جامعات میں ساتویں پوزیشن پرہے
ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی سال 2023کی رینکنگ میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورسائٹیشنز کیٹگری میں پاکستان بھر میں پہلی پوزیشن پر آگئی ہے۔مجموعی طور پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پنجاب بھر میں دوسری اور پاکستان میں سرکاری جامعات میں ساتویں پوزیشن پر آگئی ہے۔ٹائمز ہائر ایجوکیشن دنیا بھر کی جامعات کی رینکنگ جاری کرنے والا مستند ادارہ ہے۔آج جاری ہونے والی رینکنگ میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور عالمی سطح پر 1001-1200سے ترقی کرکے 801-1000کی پوزیشن پر آگئی ہے۔ ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے جاری کی گئی سال 2023کے لئے عالمی جامعات کی رینکنگ میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سمیت پاکستان بھر کی53 جامعات کوشامل کیاگیا ہے۔اہم ترین کامیابی سائٹیشنزکیٹگری میں پاکستا ن بھر میں پہلی پوزیشن ہے۔ جو تحقیق کے میدان میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی واضح برتری کا بین ثبوت ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ تین برسوں میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور عالمی رینکنگ میں حصہ لے رہی ہے۔انہی تین برسوں میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے پاکستان بھر خصوصاََصوبہ پنجاب کی جامعات میں نمایاں مقام حاصل کیا اور سرفہرست یونیورسٹیوں میں شامل ہو گئی ہے۔ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی سال2023کی رینکنگ کے مطابق اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورنے ریسرچ کیٹگری میں 12.1،انڈسٹریل انکم میں 37.1،سائٹیشنزمیں 62.9اور انٹرنیشنل آؤٹ لک میں 43.2 پوائنٹ حاصل کیے۔تعلیمی حلقوں خصوصاََاساتذہ اور طلباؤطالبات نے عالمی رینکنگ میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی غیر معمولی ترقی کو سراہتے ہوئے وائس چانسلرانجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی مدبّرانہ قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔وائس چانسلر نے نوابین ریاستِ بہاولپور کے ویژن کے مطابق جامعہ اسلامیہ بہاولپور کو عالمی سطح پر روشناس کراتے ہوئے بین الاقوامی درجہ بندی میں شامل کرنے کے لئے اقدامات کیے۔اب جامعات کی درجہ بندی کرنے والے ادارے نمایاں طور پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کوقومی اور عالمی درجہ بندی میں شامل کرتے ہیں جو اساتذہ،طلباؤطالبات اور ایلومینائی کے لئے ایک قابل فخر بات ہے۔وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے اس موقع پر ڈائریکٹر کوالٹی انہاسمنٹ سیل پروفیسر ڈاکٹر اسداللہ مدنی کو مبارکباد دی ہے۔