پولیو سے بچاؤ کی سہ روزہ مہم ضلع بھر میں 16 جنوری 2023 ء سے شروع ہو گی : ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ

بہاول پور:23/دسمبر پولیو سے بچاؤ کی سہ روزہ مہم ضلع بھر میں 16 جنوری سے 18 جنوری 2023 ء کو شروع ہو گی۔ اس دوران پانچ سال تک کی عمر کے 7لاکھ 99ہزار سے زائد بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی جائے گی۔ اس سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ کی زیر صدارت دفتر کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر انجم اقبال،ڈی ایچ او پریونٹو میڈیسن ڈاکٹر خالد ارائیں، اسسٹنٹ کمشنر کو آرڈی نیشن ایوشہ ظفر، ڈی ایچ او ڈاکٹر انیلا علی، ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد چنڑ،ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر شیراز، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ، متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پولیو سے بچاؤ کی مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بھی بچہ پولیو کی خوراک سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو سے بچاؤ مہم کے دوران تشکیل دی گئی ٹیموں کے ممبران اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کے ارکان کی فیلڈ میں کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے موثر انداز میں مانیٹرنگ کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع کی تمام تحصیلوں میں پولیو سے بچاؤ مہم کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ مہم کے دوران تمام متعلقہ افراد اپنی ذمہ داریاں بہتر طریقہ سے ادا کریں اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی سستی اور غفلت نہ برتی جائے۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر خالد محمود ارائیں نے بریفنگ میں بتایا کہ 16 جنوری سے 18 جنوری2023ء تک پولیو سے بچاؤ مہم کے دوران پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی اور اس دوران کسی وجہ سے رہ جانے والے بچوں کو کیچ اپ ایکٹیویٹی کے تحت 19 جنوری اور 20 جنوری 2023 ء کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ڈاکٹر شیراز نے بتایا کہ اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے 3168موبائل ٹیمیں، 195فکسڈ ٹیمیں اور 136ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور اس دوران 122 یونین کونسل مانیٹرنگ آفیسرز فیلڈ میں خدمات سرانجام دیں گے۔