یہ شکار کا موسم، ہم نے شیر کا شکار کرنا ہے: بلاول بھٹو

We will haunt lion in this hunting season,says Bilawal Bhutto

شکار کیلئے بلا نہیں تیر کام آتا ہے بہاولپور میں بھی این آئی سی وی ڈی مفت دل کے علاج کا ہسپتال کھڑا کروں گا، میں صحت کی سہولیات جنوبی پنجاب سے شروع کروں گا، میں جنوبی پنجاب کے اضلاع کو مفت ہسپتال بنا کر دوں گا چیئرمین پیپلزپارٹی کا جلسے سے خطاب

بہاولپور:پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شیر کے شکار کیلئے بلا نہیں استعمال ہوتا، تیر کام آتا ہے، یہ شکار کا موسم ہے، ہم نے شیر کا شکار کرنا ہے

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک بار پھر انقلابی منشور کی ضرورت ہے، باقی سیاسی جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں، پیپلزپارٹی آپ کی نمائندگی کرتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت بنی تو 10 نکاتی ایجنڈے پر خود عمل کروں گا، میں آپ کی تنخواہ میں اضافہ کروں گا، بلکہ ڈبل کرکے دکھاؤں گا، میں پاکستان کے غریب عوام کو 300 یونٹ تک مفت بجلی دوں گا، ملک بھر میں مفت تعلیمی ادارے کھڑے کریں گے، میں نے سکھر میں این آئی سی وی ڈی مفت دل کے علاج کا ہسپتال بنایا ہے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ بہاولپور میں بھی این آئی سی وی ڈی مفت دل کے علاج کا ہسپتال کھڑا کروں گا، میں صحت کی سہولیات جنوبی پنجاب سے شروع کروں گا، میں جنوبی پنجاب کے ہر اضلاع کو مفت ہسپتال بنا کر دوں گا، بانی پی ٹی آئی کی طرح جھوٹے وعدے نہیں کرتا، میں سندھ میں 20 لاکھ گھر بنا کر مالکانہ حقوق خواتین کو دے رہا ہوں

8 فروری کو پیپلزپارٹی کو جتوائیں، وعدہ ہے ہم تمام کچی آبادیوں کو ریگولرائز کریں گے، مالکانہ حقوق دلوائیں گے، ہم غربت اور بیروزگاری کا مقابلہ کریں گے، ہم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کریں گے، ہم غریب ترین خواتین کو بلاسود قرضہ دیں گے، پچھلی بار حکومت میں آئے تو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام لیکر آئے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اس بار مرد حضرات کیلئے بھی کچھ لیکر آرہا ہوں، حکومت بننے کے بعد بینظیر مزدور کارڈ بھی لیکر آئیں گے، بینظیر کسان کارڈ کے نام پر کسانوں کی جیب تک مالی مدد پہنچاؤں گا، کسان کو بینظیر کسان کارڈ کے ذریعے فرٹیلائزر سبسڈی دلوائیں گے، بینظیر کسان کارڈ کے ذریعے انشورنس دلوائیں گے، نوجوانوں کو سمجھائیں اپنا ووٹ ضائع نہ کریں، تیر پر ٹھپہ لگائیں

چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ جب بھی پیپلز پارٹی کی حکومت بنی سب سے زیادہ روزگار نوجوانوں کو ملا، نوجوانوں کو مالی مدد کے ساتھ ساتھ روزگار بھی دلوائیں گے، میرا آخری وعدہ بھوک مٹاؤ پروگرام ہے، ہم چاہتے ہیں پاکستان میں کوئی بھوکا نہ سوئے، پاکستان کی ہر یونین کونسل میں بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ نئے پیدا ہونے والے بچوں کی والدہ کو مدد فراہم کریں گے، میں اور آپ ملکر عوامی حکومت قائم کریں گے، پیپلزپارٹی شہیدوں کی جماعت ہے، ہمارا مقابلہ کسی سیاستدان سے بھی نہیں، ہمارا مقابلہ غربت، مہنگائی اور بیروزگاری سے ہے، ہمیں موقع دیں ہم دکھائیں گے کیسے عوامی حکومت بنائی جاتی ہے

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج کل الیکشن کا سیزن ہے، پنجاب میں خاص طور پر پیپلزپارٹی کا فوکس ہے، میں خود لاہور سے الیکشن لڑرہا ہوں، انشاء اللہ پیپلز پارٹی ہی تمام صوبوں سے جیتے گی، پیپلزپارٹی نہ صرف وفاقی حکومت بنائے گی بلکہ صوبائی حکومت بھی بنائے گی، پیپلز پارٹی ایک جیالا وزیراعلیٰ پنجاب بنائے گی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ انہوں نے سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کردیا ہے، ذاتی دشمنی کا نقصان ملک کو ہورہا ہے، پرانی سیاست ہوچکی ہے، ملکر پرانی سیاست کو دفن کرنا ہوگا، ہم ایک نئی سیاست شروع کریں گے، ہم نئی سوچ سے سیاست شروع کریں گے، ایک سیاسی جماعت جیل سے بچنے اور دوسری اپنے لیڈر کو جیل سے نکالنے کیلئے الیکشن لڑرہی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ نے 8 فروری کو تیر پر ٹھپہ لگا کر ثابت کرنا ہے کہ آج بھی بھٹو زندہ ہے کل بھی بھٹو زندہ تھا، انشاءاللہ 8 فروری کو جیت آپ کی ہوگی، آپ نے شہیدوں، کسانوں، مزدوروں اور بہاولپور کی جماعت کو جتوانا ہے، ہم حکومت بناکر آپ کے تمام مسائل حل کریں گے۔

مزید پڑھیں