تیرا سالہ نعلین مصطفی عطاری نے عرصہ 2سال میں قرآن پاک حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرلی

احمدپورشرقیہ (نامہ نگار) عاشقان رسول ؐ کی دینی تحریک دعوت اسلامی کے مدنی مرکز فیضان مدینہ احمدپورشرقیہ میں قائم مدرسہ المدینہ کے طالب علم 13سالہ نعلین مصطفی عطاری بن عبداللہ عاصی راجپوت عطاری نے عرصہ 2سال میں قرآن پاک حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرلی۔ نعلین مصطفی عطاری کی رہائش گاہ پر ایک پُروقار و روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں دینی تحریک دعوت اسلامی سے مولانا حافظ محمد ساجد عطاری نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنا بھی ایک فرض ہے۔ قرآن پاک پڑھنے اور پڑھانے والے کا رشتہ روحانی ہوتا ہے۔ دینی تعلیم پر عبور حاصل کرنے والا والدین کی مغفرت کی دعا کا سبب بنتا ہے۔ دنیاوی تعلیم محض ایک دکھاوا جبکہ اصل تعلیم دینی ہے جس سے آخرت سنورتی ہے۔ پاکستان اور دیگر دوسرے ممالک میں دعوت اسلامی سے ہزاروں بچے دینی علوم سے آراستہ ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو مدارس کی طرف راغب کریں۔ مدنی قافلوں میں شرکت سے بچوں میں حوصلہ پیدا ہوتا ہے۔ اس موقع پر تقریب سے حافظ فہد اصغر سعیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور نبی کریم ؐ کی سنت پر عمل پیرا ہونا ہی ایک عقیدہ ہے۔ قرآن پاک سے رشتہ جوڑنا بھی ایک حقیقت ہے۔ دینی تعلیم سے آراستہ ہوکر والدین کے لئے ایصال ثواب کرنا ایک بہتر عمل ہے۔ ہمیں اپنے بچوں کو دینی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا چاہیے۔ تقریب میں قرآن پاک حفظ کرنے والے طالب علم نعلین مصطفی عطاری کی دستار بندی کی گئی اور بعد ازاں نعلین مصطفی عطاری کو شایان شان طریقے سے گھوڑے پر بٹھا کر رسمی طور پر بازار اور محلہ جات کا چکر لگوایا گیا۔ اس بات کا مقصد یہ رہا کہ والدین کو بچوں کی دینی تعلیم کی طرف راغب کیا جاسکے۔ تاکہ قرآن پاک پڑھنے اور حفظ کرنے والے بچوں کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔ تقریب میں نگران دعوت اسلامی احمدپورشرقیہ مظفر حسین عطاری، قاری محمد وسیم عطاری، قاری محمد شریف نعیمی، عبدالرحمن شاکر عطاری، عتیق الرحمن راجپوت،قاری عبدالمجید راجپوت، شمشاد کونسلر راجپوت، حاجی محمد صدیق راجپوت، شیخ محمد ایوب، سمیت درجنوں افراد نے شرکت کی اور طالب علم نعلین مصطفی کو مبارکباد دی۔
