ملک کے اندر اور باہر میری جان لینے کی سازش ہو رہی ہے، عمران خان

Imran khan pti sialkot meeting

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہےکہ ملک کے اندر اور باہر میری جان لینے کی سازش ہو رہی ہے۔

سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سازش کا مجھے پہلے پتہ تھا، چند دن پہلے پورا علم ہوگیا ہے، میں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کرائی ہے اور ایک محفوظ جگہ پر رکھ دی ہے، ویڈیو میں پچھلی گرمیوں سے اب تک سازش میں ملوث کرپٹ ٹولےکے ایک ایک شخص کا نام بتایا ہے،، اگر مجھے کچھ ہوا تو یہ ویڈیو قوم کے سامنے آئےگی تاکہ سارے پاکستانیوں کو پتہ چلےکہ کون کون ملوث تھا-

عمران خان کا کہنا تھا کہ سب کے نام لیے ہیں کون کون میری حکومت گرانے میں ملوث تھے اور کون آگے یہ سب کرنے جارہے ہیں، لیاقت علی خان کے زمانے سے اب تک کوئی طاقتور مجرم نہیں پکڑا گیا، میں چاہتا ہوں کہ قوم کے سامنے سب کی شکلیں آئیں کہ کون کون سازش میں ملوث تھا۔

 عمران خان نے کہا کہ اللہ تیری عبادت اورتیرے سے مدد مانگتے ہیں، کسی انسان اورکسی سپرپاورکے سامنے ہم نہیں جھکتے، ہم دنیا کے سب سے عظیم لیڈرکی امت ہے۔ نوازشریف جتنے بزدل تم اتنی ہی تمہاری پارٹی ہے، ہماری حکومت نے ایک دفعہ بھی ان کے جلسے، لانگ مارچ روکنے کی کوشش نہیں کی،ہرتین ماہ بعد یہ ہماری حکومت گرانے آتے تھے،تمہارے ساتھ ملک کی بڑی بیماری زرداری بھی تھا۔

چیئر مین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنی بیماری کی ایسی اداکاری کی کہ لگتا تھا ابھی مرجائے گا ، مگر جیسے ہی انہوں نے جہاز کی سیڑھیاں دیکھیں تو فوراً اس میں جاکر بیٹھ گئے۔ شریف اور زرداری خاندان نے تیس سال حکومت کی، ہمیں صرف ساڑھے تین سال اقتدار ملا، شہباز شریف کہتا ہے، پاکستانی بھکاری ہیں، اس لیے انہیں امریکی غلامی کرنی پڑےگی۔

انہوں نے وزیر دفاع خواجہ آصف پر تنقید کرتے ہوئے انہیں خواجہ وینٹی لیٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ملک کو وینٹی لیٹر پر تم نے ڈالا ہے ، ہم نے تو صرف ساڑھے تین سال ملک میں حکومت کی ، تم لوگ یہاں سے پیسہ لوٹ لوٹ کر باہر لے گئے ہو۔ آج تک دنیا کی تاریخ میں کبھی کوئی انقلاب کو نہیں روک سکا، یہ سیاست نہیں ہورہی یہ انقلاب آرہا ہے، اور اسے نہ نواز شریف روک سکتے ہیں ، نہ شہباز شریف ، نہ ان کا بیٹا روک سکتا ہے، نہ ہی وزیر داخلہ روک سکتا ہے ، اس انقلاب کو اب دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ جب ہم اسلام آباد پہنچیں گے تو پر امن رہیں گے ، اگر تم نے روکنے یا انتشار پھیلانے کی کوشش کی تو تمھیں پورے پاکستان میں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

عمران خان نے کہا کہ بتانا چاہتا ہوں کہ حکومت 2 دن پہلے انٹرنیٹ، ٹرانسپورٹ اور پٹرول بند کردے گی، اس لئے پہلے ہی تیاری کرلیں، وزیراعظم، وزیردفاع اور وزیر داخلہ تیار ہوجاؤ عوام کا سمندر اسلام آباد آنے والا ہے

انہوں نےکہا کہ میں عدلیہ سے بڑی عاجزی کے ساتھ سوال پوچھتا ہوں، بڑا اچھا کیا آپ نے اتوار کو سوموٹو ایکشن لیا،  آپ کو بڑا خطرہ محسوس ہوا عمران سے، عدالتیں کھولیں، چلو ٹھیک ہے، بہت بڑا خطرناک ہوں کہ 12بجے عدالت کھول دی، شہبازشریف، حمزہ اور سلمان شہباز  پر 24 ارب روپے کےکیسز ہیں، ایف آئی اے کیسز بناتی ہے اور اقتدار میں آکر آپ کیس بنانے والے کو فارغ کردیتے ہیں،  ڈاکٹر رضوان نے مقصود چپراسی اور نوکروں کے اکاؤنٹس سے 16 ارب روپے پکڑے ، حمزہ شہباز نے ڈاکٹر رضوان کو دھمکیاں دیں، ڈاکٹر رضوان شدید دباؤ میں تھا، ہارٹ اٹیک ہوا اور مرگیا

عمران خان کا کہنا تھا کہ سوال ہےکہ جو ان کیسز کی تحقیقات کرتے ہیں ان پر کس قسم کا دباؤ ہے ، ملک کے ادارے کیسے طاقتور مجرموں کے سامنے کھڑے ہوں گے، سازش کے تحت ان مجرموں کو مسلط کردیا اب کون ان اداروں کی حفاظت کرےگا، عدلیہ سے پوچھتا ہوں آپ کے سامنے ملک کے اداروں کی تباہی ہورہی ہے، جیلوں میں چھوٹے چور بھرے ہوئے ہیں ان کا قصور یہ ہے کہ چھوٹے چور ہیں، کیا یہ پیغام دیا جارہا ہے کہ چوری کرنی ہے تو بڑی چوری کریں ۔

ان کا کہنا تھا کہ 2004کے بعد ہمارے دورمیں سب سے زیادہ صنعتی پیداوارہوئی، یہ جنون قیمے والے نان کھلا کرنہیں خریدا جاسکتا، یہی جنون اسلام آباد کے اندر انقلاب لائے گا جو حقیقی آزادی دلائے گا، ہماری حکومت میں 29 فیصد ایکسپورٹ بڑھی، ہماری حکومت میں سب سے زیادہ پیسہ کسانوں کو ملا، برصغیر میں سب سے زیادہ روزگار پاکستان میں ملا، معاشی گروتھ 6 فیصد ریکارڈ ہے، جب سے یہ چورآئے ہیں روپے کی قدرکم ہورہی ہے، سٹاک مارکیٹ نیچے کی طرف جارہی ہے، اب بلاول امریکا جا کر بھیک مانگے گا، امریکیوں کو بلاول کے تمام اثاثوں کا پتا ہے، امریکیوں کوپتا پے نوازشریف کی طرح بلاول نے پیسہ کدھر چھپایا ہوا ہے، تحریک پاکستان کی طرح یہ میرے اورآپ کے لیے بھی جہاد ہے، زندگی، موت، رزق اللہ کے ہاتھ میں ہے ڈرنا نہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میری طرح آپ کو بھی کوئی خوف نہیں ہونا چاہیے، انشا اللہ اسلام آباد میں ملاقات ہو گی، عثمان ڈار، عمر ڈار کو ڈاکوؤں کا مقابلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، عثمان ڈاراسلام آباد آتے ہوئے کسی چیزسے نہ گھبرانا۔

مزید پڑھیں