پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں مزدور طبقے کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے عارف عزیز شیخ
یکم مئی محنت کش طبقے کی عظمت، قربانیوں اور جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے سابق ایم این اے کا اخباری بیان
چنی گوٹھ (نامہ نگار)سابق ایم این اے عارف عزیز شیخ نے یومِ مئی کے موقع پر اپنے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ یکم مئی محنت کش طبقے کی عظمت، قربانیوں اور جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ان مزدوروں کی تاریخی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے حقوق کے لیے قربانیاں دیں اور دنیا بھر میں محنت کشوں کے لیے بہتر حالات کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں مزدور طبقے کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، مگر بدقسمتی سے آج بھی مزدور اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ مزدوروں کو مناسب اجرت، محفوظ کام کا ماحول اور سماجی تحفظ فراہم کرے تاکہ وہ عزت کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔عارف عزیز شیخ نے مزید کہا کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں مزدور طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے، اس لیے ضروری ہے کہ کم از کم اجرت میں اضافہ کیا جائے اور مزدوروں کے لیے صحت و تعلیم کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ یومِ مئی ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔ آخر میں انہوں نے تمام محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔

