وزیراعظم نے ملک بھر کے نوجوانوں کو احتجاج کی کال دے دی
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر کے نوجوانوں کو احتجاج کی کال دیتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج آپ کا حق ہے، نوجوان میرے لیے نہیں بلکہ ملک کے مستقبل کے لیے اپنی آواز بلند کریں، پلان تیار کرلیا ہے کل اپوزیشن کو شکست دے کر دکھاؤں گا جبکہ فوج نے کہا کہ ہم نیوٹرل ہیں سیاست میں نہیں پڑنا چاہتے۔
آن لائن سوالات کے جوابات دینے سے قبل انہوں ںے ٹی وی پر کہا کہ سیاست دانوں کی بکروں کی طرح نیلامی ہورہی ہے، بیرون ملک سے سازش ہورہی ہے، آج قوم کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کس سمت جائے گی، اگر نوجوان چپ بیٹھے رہے تو وہ برائی کا ساتھ دیں گے، آپ سب اپنی آواز بلند کریں میرے لیے نہیں بلکہ اپنے مستقبل کے لیے کیوں کہ اس وقت پاکستان کے مستقبل کی جنگ لڑی جارہی ہے۔
ٹیلی فون کالز میں ایک موقع پر عمران خان نے یہ بھی کہاکہ ان کا فوج سے کوئی مسئلہ نہیں ، فوج کے نیوٹرل رہنے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، فوج نے کہا ہے کہ وہ نیوٹرل ہیں وہ سیاست میں نہیں پڑنا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ میں جب یہ کہتا ہوں امربالمعروف تو میں ساری قوم کو کہتا ہوں، یہ تو اللہ کا حکم ہے کہ ہمیشہ اچھائی کےساتھ کھڑے ہونا چاہیے، میرا فوج سے کوئی مسئلہ نہیں، ان سے کوئی اختلاف نہیں، فوج نے فیصلہ کیا ہم نیوٹرل رہنا چاہتے ہیں اس فیصلے کی عزت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی ملک کو پاکستان کی لیڈر شپ نہیں پسند تو وہ پندرہ بیس ارب روپے خرچ کرکے ضمیر فروشوں کو بکروں کی طرح خرید کر حکومت گرادے تو ملک کا مستقبل کیا ہوگا؟ یہ آپ کا ملک ہے اور اس کے لیے آپ کو آگے آنا ہوگا، احتجاج آپ کا حق ہے، پرامن احتجاج سے سب سے بڑا خوف غداروں کو ہوتا ہے وہ لوگ خوف زدہ ہوتے ہیں جو ملک کو غلام بنانے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت گرانے کے لیے بکروں کی طرح نیلامی ہو رہی ہے، حکومت کے خلاف عالمی سازش ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی ملک کے خلاف عالمی سازش کی توثیق کرچکی، میں چاہتا ہوں کہ ملک بھر کے نوجوان آگے آئیں اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں ، احتجاج پرامن ہو اور اس میں ملک کو کوئی نقصان نہ پہنچے، میں چاہتا ہوں آج اور کل نوجوان احتجاج کریں اور سب کو بتائیں۔
بعد ازاں لوگوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اپنے ملک کے ساتھ غداری قبول نہیں کریں گے، غداروں کے حوالے سے قانونی ماہرین سے بات ہوئی ہے آج رات لیگل ایکشن سے متعلق بڑا فیصلہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ تاریخ ان غداروں کو نہ بھولے، پہلے سے ان کو پتا ہے کہ عمران خان ہٹےگا تو ‘شوباز شریف’ وزیراعظم بنےگا، شہبازشریف نے پہلے ہی پاکستانی قوم کو بھکاری بنا دیا ہے، یہ ہمیشہ ان کی غلامی کریں گے،ان کا پیسا باہرپڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیکھ رہے ہیں سازشیوں کے خلاف کیا کیا قانونی کارروائی ہوسکتی ہے، ہم نے ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کا پلان تیار کرلیا ہے، اسی طرح کل آپ دیکھیں گے میں ان کا مقابلہ کیسے کرتا ہوں، میں انہیں اسمبلی میں شکست دے کر دکھاؤں گا، میران بڑا پلان ہے میں کل انشا اللہ جیتوں گا۔
فوج پر تنقید سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’دو چیزیں ہیں جنہوں نے آج ملک کو متحد رکھا ہوا ہے، پہلی پاکستان کی فوج ہے، یہ ایک مضبوط اور پیشہ ور فوج ہے، یہ ملک کے لیے اہم ہے کیونکہ بہت سے ممالک پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں
انہوں نے مزید کہا کہ دوسرے نمبر پر پی ٹی آئی ہے کیونکہ یہ ایک ایسی جماعت ہے جس نے ملک کو جوڑے رکھا ہے، شروع میں یہ پیپلز پارٹی تھی لیکن اس وقت پی ٹی آئی ہی وہ جماعت ہے جو ملک کی نمائندگی کرتی ہے اور اسے قومی جماعت سمجھا جاتا ہے، یہ لوگ پارٹی کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں اس فوج کی ضرورت ہے، اس نے ہمارے لیے قربانیاں دی ہیں، میں چاہتا ہوں کہ آپ فوج پر تنقید نہ کریں۔
عمران خان نے کہا کہ امریکا نے اپوزیشن کے ساتھ مل کر سازش کی، میں آپ کوخوش خبری دیتا ہوں کہ منحرف ارکان اب ڈر رہے ہیں
سرکاری دستاویز ہے کہ عمران خان کو ہٹائیں گے تو امریکا سے تعلقات اچھے ہوجائیں گے۔