وزیراعظم کا ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے 54 پیسے اور پٹرول 18 روپے پچاس پیسے فی لٹر کمی کا اعلان
اسلام آباد وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے 54 پیسے اور پٹرول 18 روپے پچاس پیسے فی لٹر کمی کا اعلان کردیا ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ڈیزل 236 روپے جبکہ پٹرول 230 روپے 24 پیسے فی لٹر ہوگا۔
قوم سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج رات بارہ بجے کے بعد ڈیزل کی قیمت 40 روپے 54 پیسے کمی کی جارہی ہے، پٹرول 18 روپے 50 پیسے سستا کیا جا رہا ہے، آئندہ بھی عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی تو قوم کو فائدہ دیں گے۔
چند ماہ پہلے حکومت سنبھالی تو ورثے میں تباہ شدہ معیشت ملی، مہنگائی اپنے عروج پر تھی، مہنگائی عروج پر تھی اور تیل کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی تھیں، پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف سے سخت ترین شرائط پر معاہدہ کیا، جاتے جاتے سابق حکومت نے اس معاہدے کی دھجیاں بکھیر دیں، سابقہ حکومت نے ہماری لئے بارودی سرنگیں بچھا دیں، سابقہ حکومت نے تیل کی قیمتوں میں اچانک کمی کر دی، تیل کی قیمتوں میں کمی کیلئے خزانے میں پیسے نہیں تھے، یہ کام ہماری حکومت کو مشکلات میں ڈالنے کیلئے کیا گیا
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے آپ سے وعدہ کیا تھا کہ کبھی غلط بیانی نہیں کروں گا، ہم نے دل پر پتھر رکھ کر قیمتوں میں اضافہ کیا، ہمارے پاس اور کوئی راستہ نہیں تھا، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تیزی سے گررہی ہیں، آج ہمیں تیل کی قیمتوں میں کمی کا موقع ملا ہے، آئی ایم ایف سے بھی شبانہ روز کاوشوں کے بعد معاہدہ ہو چکا ہے، آئی ایم ایف سے معاہدے کا سہرا وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور ٹیم کو جاتا ہے، دعا ہے ہمارا بھی آئی ایم ایف کے ساتھ یہ آخری معاہدہ ہو
وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ ہم اپنے پاؤں پر خود کھڑے ہونے کی کوشش کریں گے، یہ آسان نہیں، کانٹوں بھرے راستے سے گزرنا پڑتا ہے، پاکستان ضرور اپنی منزل پر رواں دواں ہوگا، اللہ کی ذات پر انحصار کر کے آگے بڑھنا ہو گا، ہم نے نیلم جہلم جیسے منصوبے سے سبق نہیں سیکھا، اس منصوبے پر ایک ارب ڈالر کی بجائے 5 ارب ڈالر لگ گئے، حویلی بہادر منصوبے کو 2 سال پہلے مکمل ہو جانا چاہئے تھا، منصوبہ مکمل نہ ہونے سے معیشت کو جو فائدہ پہنچنا تھا وہ نہ پہنچ سکا۔