Contact Us

اسلامیہ یونیورسٹی کے مرکزی آڈیٹوریم کا نام خواجہ غلام فرید آڈیٹوریم رکھ دیا گیا وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب

IUB

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے مرکزی آڈیٹوریم کا نام خواجہ غلام فرید آڈیٹوریم رکھ دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں یونیورسٹی کی جانب سے خصوصی نوٹیفیکیشن کے مطابق سینڈیکیٹ کی جانب سے مقرر کی گئی کمیٹی نے بغداد الجدید کیمپس میں واقع مرکزی آڈیٹوریم کو خواجہ غلام فرید آڈیٹوریم کے نام سے موسوم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے حالیہ خواجہ غلام فرید کانفرنس میں اپنے صدارتی خطبے میں مرکزی آڈیٹوریم کا نام خواجہ غلام فرید آڈیٹوریم رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ سماجی، تعلیمی اور ادبی حلقوں سمیت تمام طبقہ ہائے فکر کے افراد اور سول سوسائٹی نے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے برصغیر پاک وہند کے عظیم صوفی شاعر خواجہ غلام فرید کو بہترین خراج تحسین قرار دیا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دو برسوں میں خواجہ غلام فرید چیئر کو خواجہ غلام فرید چیئر مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دے کر فعال کیا گیا۔ خواجہ غلام فرید چیئر مینجمنٹ کمیٹی میں فکرِ فرید سے منسلک اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اور یونیورسٹی کے باہر سے اہم ترین شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔ وائس چانسلر انجینئرپروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب چیئر مین کی سربراہی میں قائم اس کمیٹی کے ممبران میں خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ سجادہ نشین دربارِ فرید کو چیئر مین، ڈاکٹر شہزاد قیصر کو چیئر مین، پروفیسر ڈاکٹر جاوید حسان چانڈیوڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ لینگوئجز، سعید شیخ ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن براڈکاسٹنگ، ریاض حسین سندھڑ اسسٹنٹ پروفیسر، مجاہد جتوئی شاعر وادیب، خدا یار خان چنڑ سماجی شخصیت، ڈاکٹر سعدیہ کمال نامور صحافی، اطہر لاشاری لیکچرار،عصمت اللہ شاہ شاعر وادیب، میاں صمد شیر عباسی اور خواجہ راول معین کوریجہ ولی عہد دربارِ فرید اعزازی ڈائریکٹر وسیکریٹری شامل ہیں۔ اس کمیٹی نے خواجہ فرید چیئر کو فعال کرتے ہوئے خواجہ غلام فرید کی شاعری اور تعلیمات کو قومی اور عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کا بیڑہ اُٹھایا۔ اس مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے سالانہ قومی خواجہ فرید کانفرنس اور سیمینار کے علاوہ مختلف مطبوعات کی اشاعت کا اہتمام کیا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ سالانہ محفلِ کافی میں نامور گلوکار شریک ہوتے ہیں۔ اس مرتبہ عظیم گلوکارہ ثریا ملتانیکر کو لائف ٹائم ایچوئمنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ خواجہ غلام فرید چیئر مینجمنٹ کمیٹی کی ویب سائٹ بھی لانچ کی گئی ہے اور سوشل میڈیا پر بھی فعال ہے۔ اسی طرح طلباء وطالبات کی سطح پر خواجہ غلام فرید سوسائٹی بھی قائم کی گئی ہے۔ 

مزید پڑھیں