حکومت نے تحریک انصاف کو طویل المدت عبوری حکومت کی پیشکش کی ہے: اسد قیصر
رہنما تحریک انصاف اسد قیصر کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے تحریک انصاف کو طویل المدت عبوری حکومت کی پیشکش کی ہے، ایسی کسی ماورائے آئین پیشکش کو قبول نہیں کریں گے۔
رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سیاسی بنیادوں پر تحریک انصاف کے ارکان کے استعفے قبول نہیں کر رہے۔اسد قیصر نے کہا کہ جس طرح ان کی حکومت چل رہی ہے یہ ملک کے ساتھ زیادتی کی ہے ، طویل المدت عبوری حکومت کی قانون میں گنجائش ہی نہیں، حکومت کے ساتھ بیک ڈور مذاکرات میں شامل ہوں، طویل المدت عبوری حکومت سے متعلق مجھ سے حکومتی ارکان نے غیررسمی بات کی ہے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ لانگ ٹرم عبوری حکومت کی تجویز تو غیر رسمی گفتگو میں کی تھی، باضابطہ طور پر ایسی کوئی پیشکش نہیں کی گئی ہے۔