آئی ایم ایف کا پیٹرول اور بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ تسلیم۔ پیٹرول، ڈیزل اور بجلی مزید مہنگی ہوگی
پاکستان نے تیل اور بجلی پر سبسڈی واپس لینے کا عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا مطالبہ تسلیم کرلیا جس کے بعد ملک میں پیٹرول، ڈیزل اور بجلی مزید مہنگی ہوجائے گی
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جائزہ مذاکرات مکمل ہوگئے۔ واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی سربراہی میں وزیرمملکت عائشہ غوث پاشا،گورنر اسٹیٹ بینک اور دیگر حکام نے کی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف کا تیل اور بجلی پر سبسڈی واپس لینے کا مطالبہ تسلیم کرلیا ہے جس کے بدلے آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے قرض پروگرام میں ایک سال کی توسیع پر رضا مندی ظاہرکردی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف سے تکنیکی سطح پر بات چیت آئندہ ہفتے شروع کرے گا جب کہ آئی ایم ایف اسٹاف سطح پر مذاکرات مکمل کرنے کے لیے مئی 2022ء کے وسط میں خصوصی مشن پاکستان بھیجے گا۔
آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام میں طے شدہ شرائط پوری کرے اور سبسڈیز جلد سے جلد واپس لیکر دسمبر میں طے کردہ اہداف میں تبدیلی کے اعداد کا جائزہ لے البتہ پاکستان پسماندہ طبقے کیلئے سبسڈیز جاری رکھ سکتا ہے۔آئی ایم سے مذاکرات میں اتفاق ہوا ہے کہ سابقہ حکومت کی فیول، تیل اور بجلی پر سبسڈی واپس لی جائے گی اور آئی ایم ایف جائزہ مشن پاکستان آنے سے قبل تیل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ساتویں اقتصادی جائزہ پراتفاق ہونے کے بعد آئی ایم ایف بورڈ کو بھجوایا جائے گا جس کے بعد آئی ایم ایف بورڈ پاکستان کو اگلی قسط کی منظوری دے گا۔ انٹرنیشنل مونیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا کہنا تھا کہ پاکستان دسمبر میں طے شدہ ٹارگٹ سے کم سے کم انحراف کرے کیوں کہ آئی ایم ایف بجٹ کیلئے مجموعی حکمت عملی پر اتفاق چاہتا ہے
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹیٹ بینک کی خود مختاری اور اقتصادی و معاشی اصلاحات پر بھی اتفاق ہوا ہے۔اس کے علاوہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے واشنگٹن میں عالمی بینک کے نائب صدر، ایم ڈی اور آئی ایم ایف کی ڈپٹی ایم ڈی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں جس میں معاشی صورتحال اور قرض پروگرام کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دوسری جانب وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی وفد اور آئی ایم ایف کے حکام کے درمیان کئی ملاقاتیں ہوئیں، وفد نے ساتویں جائزے کو مکمل کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستانی وفد سے مکمل حمایت کا اظہار کیا جبکہ حکومت کی اعلان کردہ پیٹرول اوربجلی پرسبسڈی سےمتعلق امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مشن چیف نیتھن پورٹرکی قیادت میں آئی ایم ایف کا مشن مئی میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔