اوچ شریف میں موسم سرما کی پہلی بارش، سردی کی شدت میں اضافہ، شہریوں کا گرم پکوانوں پر زور۔

اوچ شریف (نامہ نگار) اوچ شریف میں موسم سرما کی پہلی بارش، سردی کی شدت میں اضافہ، خشک سردی کاخاتمہ ، نزلہ زکام ، بخار اور دیگر بیماریوں میں کمی ہو گی ، کسانوں کے چہرے کھل اٹھے، شہریوں کا گرم پکوانوں پر زور۔
تفصیلات کے مطابق اوچ شریف اور گردونواح میں موسم سرما کی پہلی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا شہریوں کی دعائیں رنگ لے آئیں خشک سردی کا خاتمہ ہوا بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جس کیوجہ سے کاروبار زندگی بھی تبدیل ہوگئے ، ٹھنڈ سے بچنے کیلئے شہری آگ تاپتے رہے اورگرماگرم چٹ پٹی اشیاء اوریختی و مزیدار چائے پی کر سردی کم کرتے نظر آئے۔
بارش آہستہ لیکن مسلسل ہونے کی وجہ سے شہر کی سڑکیں حسب معمول کیچڑ سے اٹ گئیں دوسری طرف کسانوں نے گندم کی بجائی کے بعد انتہائی مفید بارش ہونے پر شکرانہ ادا کیا اور اس بارش کو گندم کیلئے سونا قرار دیا، بارش سے نہ صرف فصلوں کو فائدہ ہو گا بلکہ خشک سردی کے خاتمے پر نزلہ ، زکام اور بخار جیسی موسمی بیماریوں کا خاتمہ بھی ہو گا دوسری جانب سردی کی شدت میں اضافے کے بعد انڈوں اور گوشت کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے