وفاقی حکومت نے معذور افراد کے حقوق کے فروغ کے لیے قانون سازی کی ہے،خاتون اول ثمینہ علوی
کراچی۔21نومبر: خاتون اول ثمینہ علوی نے کہا کہ وفاقی اور تمام صوبائی حکومتوں نے معذور افراد کے حقوق کے فروغ کے لیے قوانین بنائے ہیں،جامع معاشرے کی تشکیل صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مشن ہے ،معذور افراد کو سہولیات کی فراہمی کے لیے عوامی مقامات، نجی عمارتوں اور شاپنگ مالز میں انتظامات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،ہمیں معاشرے میں تبدیلی لانا ہوگی کیونکہ یہ ایک اچھا مقصد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی گولف کلب میں منعقدہ کراچی ڈاﺅن سینڈروم پروگرام (کے ڈی ایس پی ) گولف ٹورنامنٹ 2021 کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خاتون اول ثمینہ علوی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وڑن معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا ہے۔انہوں نے کہا ہماری توجہ صرف معذور افراد کی تعلیم اور صحت پر نہیں ہے بلکہ ان کی پیشہ ورانہ تربیت، مالی خودمختاری پر بھی مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ معذور افراد کو معاشرے نے گھروں تک محدود کیا ہے اور ان کو باہرنہیں نکلاجاتا۔خاتون اول ثمینہ علوی کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں معذور افراد کو ملک کا کارآمد شہری بنانا ہے کیونکہ وہ ہم سے کم نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو قبول کرنا چاہئے ، ہمیں اجتماعی طورپر انہیں مواقع دینے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب معذور افراد کی تعلیم سمیت ہر شعبے میں شمولیت کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایک جامع معاشرے کے قیام کے لئے کردار ادا کرنے پر کے ڈی ایس پی منتظمین کی کاوششوں کو بھی سراہا۔انہوں نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہان گولف سیکھا اوراچھا وقت گزارا ہے۔ بعد ازاں انہوں نے فاتح کو ٹرافی دی۔