این اے 168 ضمنی الیکشن: 10 افراد کی نظر بندی کے احکامات منسوخ
بہاولپور: ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے این اے 168 بہاولپور-V کے ضمنی انتخابات کے دوران امن و امان کے خدشات کے پیش نظر نظر بند کیے گئے 10 افراد کے نظر بندی احکامات منسوخ کر دیے۔ ڈپٹی کمشنر کے 28 ستمبر 2026 کے حکم نامے کے مطابق مذکورہ افراد کو ویسٹ پاکستان مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس 1960 کی دفعہ 3(1) کے تحت 26 ستمبر کو 14 روز کے لیے نظر بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ این اے 168 کا ضمنی انتخاب 27 ستمبر 2026 کو کسی ناخوشگوار واقعے یا بڑے امن و امان کے مسئلے کے بغیر پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور نے بھی مؤقف اختیار کیا کہ نظر بندی کی بنیادی وجہ انتخابی عمل کے دوران امن و امان میں خلل کا خدشہ تھا، تاہم انتخابات کے پُرامن انعقاد کے بعد وہ مخصوص حالات اور خدشات موجود نہیں رہے۔ پولیس کی درخواست پر سید طاہر الحسن ترمذی عرف پپو طاہر، محمد نصیر، نذیر احمد، عثمان علی، محمد بشیر، مینا خان، ذیشان علی، محبوب احمد، قربان حسین اور جام سعید کے خلاف جاری نظر بندی کے احکامات واپس/منسوخ کر دیے گئے۔

