اتحادی حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔ سردار خالد محمود وارن
اقوام متحدہ کے پلان آف ایکشن کے تحت پاکستان سمیت پوری دنیا کے ان ممالک کو فوکس کیا گیا ہے،جہاں صحافیوں کی زندگیاں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ حسن عسکری شیخ
اقتدار سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق حکومت کی تشکیل کردہ متنازعہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ختم کیا اور میڈیا کی آزادی کو یقینی بنایا۔میڈیا دو دھاری تلوار ہے،اگر مثبت ہو تو معاشرے میں سدھار اور اگر منفی ہو تو اس سے معاشرے میں خرابیاں جنم لیتی ہیں۔
یونیسکو ریسورس میٹیریل وصول کرنے والے صحافی اس سے مستفید ہو کر اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں اپنی سلامتی کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے،یونیسکو کے صحافیوں کی سیکورٹی کے حوالے سے اقدامات لائق تحسین ہیں۔وزیر اعلی پنجاب کے سیاسی معاون کا رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان اور احمد پور پریس کلب کے اشتراک سے تاج محل بینکوئٹ ہال میں یونیسکو ریسورس میٹیریل کی تقسیم تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب
عمران خان کے دور میں اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کے علاوہ میڈیا کے ساتھ ظالمانہ سلوک کیا گیا اور ملک میں ڈکٹیٹر شپ قائم کرنے کی کوشش کی گئی۔یونیسکو ریسورس میٹیریل حاصل کرنے والے صحافی تحقیقی صحافت کو فوکس کریں گے،جس سے صحافیوں کے خلاف جرائم کی تحقیقات میں موثر پیش رفت ہو سکے گی۔مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما کا تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی اظہار خیال
2011ء تا 2022ء دنیا میں 1152 صحافیوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا رواں سال دنیا بھر میں پاکستان سمیت61 صحافیوں کو موت کی نیند سلایا جا چکا ہے۔رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان نے 2011ء تا 2022ء جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں صحافیوں کی سلامتی اور تحفظ کے موضوع پر 31 تربیتی ورکشاپس اور دو سیفٹی سیمینارز کا انعقاد کیا۔صدر آر ایم این پی احسان احمد سحر کا تقریب میں صدارتی خطاب۔نظامت کے فرائض پروفیسر شاہد رفیق نے انجام دئیے
آر ایم این پی گزشتہ 18 برسوں سے آزادی صحافت کے دفاع اور آزادی اظہار کے فروغ کے لئے خدمات انجام دے رہا ہے۔کوآرڈینیٹر تحصیل آر ایم این پی محمد سلیمان فاروقی،احمد پور شرقیہ پریس کلب کے نوآموز اراکین کو جدید صحافتی تربیت دینے کا مشن بلا روک ٹوک جاری وساری رہے گا۔صدر پریس کلب محمد رفیق صفدر راجپوت
مہمانان خصوصی سردار ملک خالد محمود وارن اور حسن عسکری شیخ نے آر ایم این پی کی جانب سے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے 30 صحافیوں میں یونیسکو ریسورس میٹیریل تقسیم کیا۔بعد ازاں حکمران جماعت کے دونوں رہنماوں نے احمد پور پریس کلب کی جانب سے 60 صحافیوں میں شیلڈز تقسیم کیں۔احمد پور پریس کلب کی جانب سے سردار ملک خالد محمود وارن،حسن عسکری شیخ،احسان احمد سحر اور پروفیسر شاہد رفیق کو تحائف بھی پیش کیے گئے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں۔پرتکلف عشائیہ بھی دیا گیا۔
احمد پور شرقیہ(حمیداللہ خان عزیز سے) وزیر اعلی پنجاب کے سیاسی معاون سردار ملک خالد محمود وارن ایم پی اے نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں میڈیا کا گلا گھونٹا گیا۔عمران حکومت کی میڈیا دشمن پالیسیوں کے باعث ہزاروں ملازمین کو ملازمتوں سے ہاتھ دھونا پڑا۔جب کہ اس کے برعکس پاکستان مسلم لیگ ن اور ان کی اتحادی حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔اقتدار سنبھالنے کے فورا بعد وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے سابق حکومت کی تشکیل کی گئی متنازعہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ختم کر دیا اور میڈیا پر عائد دیگر پابندیوں کا بھی خاتمہ کیا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب تاج بینکوئٹ میرج ہال میں رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان اور احمد پور پریس کلب احمد پور شرقیہ کے اشتراک سے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان سے یونیسکو ریسورس میٹیریل کی تقسیم کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے کیا،جو صدر آر ایم این پی احسان احمد سحر کی زیر صدارت منعقد ہوئی تھی۔مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنماء حسن عسکری شیخ بھی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئےجب کہ نظامت کے فرائض پروفیسر شاہد رفیق نے انجام دیئے۔وزیر اعلی پنجاب کے سیاسی معاون نے کہا کہ میڈیا دو دھاری تلوار ہے اگر یہ مثبت ہو تو معاشرے میں سدھار کا باعث بنتا ہے۔
اگر منفی ہو تو معاشرے میں اس سے خرابیاں جنم لیتی ہیں۔سردار ملک خالد محمود وارن نے مزید کہا کہ صحافی معاشرے کی کان اور آنکھ ہیں،اس لئے معاشرتی برائیوں کے خاتمے اور عوامی مسائل کی نشاندہی میں بھر پور کردار ادا کریں۔انہوں نے صحافیوں کی سلامتی اور تحفظ کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کی خدمات کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ یونیسکو ریسورس میٹیریل وصول کرنے والے صحافی اس شعبہ سے مستفید ہوں گے اور اپنی پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی سیکورٹی کو یقینی بنا سکیں گے۔وزیر اعلی پنجاب کے سیاسی معاون نے اس موقع پر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے 13صحافیوں میں یونیسکو ریسورس میٹیریل کی CDS تقسیم کیں،بعد ازاں انہوں نے احمد پور پریس کلب کی جانب سے 3 مقامی صحافیوں کو حسن کارکردگی کی شیلڈز عطا کیں۔قبل ازیں تقریب کے دوسرے مہمان خصوصی مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنماء حسن عسکری شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمران حکومت کے دور میں اپوزیشن اور میڈیا کے ساتھ ظالمانہ سلوک کیا گیا اور ملک بھر کے مختلف علاقوں میں دن دیہاڑے صحافی اغواء اور قتل ہوئے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔مخالف نظریے کے حامی اینکرز کو زبردستی آف ائیر کرایا گیا۔پسند اور ناپسند کی بنیاد پر سرکاری اشتہارات تقسیم کیے گئے اور یوں ملک میں ڈکٹیٹر شپ قائم کرنے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور اس کی اتحادی حکومت پریس فریڈم پر یقین رکھتی ہے اور اقتدار سنبھالنے کے فورا بعد میڈیا مخالف اقدامات کو یکسر ختم کر دیا گیا ہے۔
حسن عسکری شیخ نے کہا کہ اقوام متحدہ نے صحافیوں کے تحفظ کے لئے پلان آف ایکشن میں پوری دنیا میں پاکستان سمیت ان ممالک کو فوکس کیا ہے،جہاں صحافیوں کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں،انہوں نے شہروں اور قصبات کے صحافیوں کے تحفظ اور سلامتی کے حوالے سے رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان کی خدمات کو لائق تحسین قرار دیا ہے اور توقع ظاہر کی کہ یونیسکو ریسورس میٹیریل وصول کرنے والے صحافی تحقیقی صحافت کو اپنائیں گے،اس سے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے میں مدد ملے گی،حسن عسکری شیخ نے اس موقع پر CDS تقسیم کیں۔بعد ازاں انہوں نے احمد پور پریس کلب احمد پور شرقیہ کی جانب سے 30 صحافیوں کو شیلڈز عطا کیں۔تقریب میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے صدر احسان احمد سحر نے کہا:2011ء سے 2022ء تک دنیا بھر میں 1152 صحافیوں کو موت کے گھاٹ اتارا جا چکا ہے۔رواں سال دنیا بھر میں 61 صحافیوں کو موت کی نیند سلایا گیا ہے،جس میں پاکستان کے تین صحافی شامل ہیں۔احسان احمد سحر نے کہا کہ رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان، جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں 2011ء تا 2022ء صحافیوں کی سلامتی اور تحفظ کے موضوع پر 31 تربیتی ورکشاپس اور سیفٹی سیمینارز کا انعقاد کر چکا ہے، جب کہ ملک بھر کے مختلف علاقوں میں صحافیوں کی سیکورٹی کے حوالے سے تربیتی مینولز اور CDS کی تقسیم کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔انہوں نے جرنلسٹ پروٹیکشن کے سلسلے میں اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔تحصیل کوآرڈینیٹر محمد سلیمان فاروقی نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان، آزادی صحافت کے دفاع اور اظہار رائے کی آزادی کے فروغ کے لئے گزشتہ 18 برسوں سے خدمات انجام دے رہا ہے اور آج کی تقریب اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے اس موقع پر احمد پور پریس کلب کے 15 صحافیوں میں حسن کارکردگی کی شیلڈز تقسیم کیں۔احمد پور پریس کلب احمد پور شرقیہ کے صدر محمد رفیق صفدر راجپوت نے آر ایم این پی اور احمد پور پریس کلب کی مشترکہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پریس کلب کے نو آموز صحافیوں کی جدید صحافتی تربیت میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی،تاکہ نو آموز صحافی اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دے سکیں۔تقریب کے اختتام پر احمد پور پریس کلب احمد پور شرقیہ کی جانب سے وزیر اعلی پنجاب کے سیاسی معاون سردار خالد محمود وارن ایم پی اے،مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنماء حسن عسکری شیخ،صدر آر ایم این پی احسان احمد سحر اور پروفیسر شاہد رفیق کو تحائف پیش کیے گئے۔بعد ازاں شرکاء کے لئے احمد پور پریس کلب کی جانب سے پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔