اسلامیہ یونیورسٹی کی دینی اور ملی خدمات کی 100 سالہ تقریبات شایاں نشان انداز میں منائی جائیں گی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران

یکم اگست کو تقریب میں بانی جامعہ عباسیہ سر صادق محمد خان عباسی پنجم اور اولین شیخ الجامعہ مولانا غلام محمد گھوٹوی کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا
اسٹیٹ بنک آف پاکستان اس موقع پر 100 روپے مالیت کا یادگاری سکہ جاری کرے گا۔ پاکستان پوسٹل سروسز خصوصی یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرے گا۔ وائس چانسلر
اسلامیہ یونیورسٹی کی صد سالہ تقریبات کا لوگو اور سلوگن”ماضی کی شان،مستقبل کی امید، 100 سالہ تعلیمی میراث” جاری کر دیا گیا ہےکمیٹی سیکریٹری ڈاکٹر شہزا د احمد خالد
بہاول پور (پ ر)وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی دینی اور ملی خدمات کی 100 سالہ تقریبات شایاں نشان انداز میں منائی جائیں گی۔ اس موقع پر اسٹیٹ بنک آف پاکستان 100 روپے مالیت کا یادگاری سکہ جاری کرے گا۔ پاکستان پوسٹل سروسز خصوصی یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرے گا۔ وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی 100 سالہ تقریبات کے لیے بنائی گئی خصوصی کمیٹی اور منتظمین کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈینز، پرنسپل آفیسر، شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران اور افسران شریک ہوئے۔
ان تقریبات کے لیے قائم کی گئی کمیٹی سیکریٹری ڈاکٹر شہزا د احمد خالد نے یکم اگست 2025 سے جون 2026 تک منعقد ہونے والی تقریبات کی تفصیل بیان کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی صد سالہ تقریبات کا لوگو اور سلوگن”ماضی کی شان،مستقبل کی امید، 100 سالہ تعلیمی میراث” جاری کر دیا گیا ہے۔ یکم اگست کو عباسیہ کیمپس میں منعقد ہونے والی تقریب میں بانی جامعہ عباسیہ سر صادق محمد خان عباسی پنجم اور اولین شیخ الجامعہ مولانا غلام محمد گھوٹوی کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں خاندان عباسیہ کے افراد، پارلیمنٹرینز، سرکاری حکام، معززین شہر، سول سوسائٹی، اساتذہ اور طلباو طالبات شریک ہوں گے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ عباسیہ کیمپس کیمرکزی دروازے کوصد سالہ تقریبات سے منسوب کیا جائے گا۔ 100 درختوں پر مشتمل باغ کی شجرکاری ہو گی اور ان کو جامعہ کی 100 نامور شخصیات کے نام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کا ترانہ بھی مرتب کیا جائے گا۔ نومبر کے مہینے میں جامعہ کا صد سالہ کانووکیشن اور ایلومنائی کی عظیم و شان تقریب منعقد ہو گی۔ اس سال طلباو طالبات کی تعارفی تقریب میں حلف لینے کی خصوصی روایت کا آغاز بھی کیا جائے گا۔ خصوصی ایونٹس میں کانفرنسز، سیمینار، کتاب میلہ، ریسرچ ایکسپو، سو سالہ ایوارڈز، جاب فیئر، پھولوں کی نمائش اور دیگر تقریبات شامل ہیں۔