پاک افغان بارڈر پر دہشت گردوں کا فوجی قافلے پر حملہ، 7 فوجی شہید
راولپنڈی: شمالی وزیر ستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے انٹرسروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں 7 فوجی شہید ہوئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
شہید ہونے والوں میں حوالدار طارق یوسف (36 سال، رہائشی فیصل آباد)، سپاہی سلیمان وقاص (34 سال، رہائشی لیہ)، سپاہی جنید علی (26 سال، رہائشی لیہ)، سپاہی اعجاز حسین (27 سال، رہائشی خیرپور)، سپاہی وقار احمد (25 سال، رہائشی میرپور خاص)، سپاہی محمد جواد امیر (24 سال، رہائشی چکوال) اور سپاہی ارشد علی (23 سال، رہائشی صحبت پور) شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی قافلے پر حملہ شمالی وزیرستان کے علاقے ایشام میں کیا گیا، دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔