تحصیل ڈس ا یبلٹی بورڈ کا اجلاس ستر مستحقین کو ہمت کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ
چیئرمین کمیٹی ڈاکٹر خاور عباس بھٹہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئر مسز عائشہ گل اور ممبر ڈس ایبلٹی بورڈ شیخ عزیز الرحمن نے خصوصی طور پر شرکت کی
احمد پور شرقیہ (نامہ نگار) معذور افراد کی بحالی اور امداد کے سلسلے میں ہمت کارڈ کے اجرا کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر سول ہسپتال احمد پور شرقیہ میں تحصیل ڈس ایبلٹی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں 70 مستحق اور خصوصی افراد کا مکمل چیک اپ کیا گیا اور انہیں ہمت کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر تحصیل ہیڈ کوارٹر سول ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور چیئرمین کمیٹی ڈاکٹر خاور عباس بھٹہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئر مسز عائشہ گل اور ممبر ڈس ایبلٹی بورڈ شیخ عزیز الرحمن نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر محکمہ سوشل ویلفیئر کے اہلکار انعام الرحمان محمد انور میتلہ بھی موجود تھے مریضوں کا تفصیلی معائنہ کنسلٹنٹ ڈاکٹر حامد رضا نے کیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پنجاب کے اس اقدام سے معذور افراد کی مالی و سماجی بحالی کے عمل میں مثبت تبدیلی آئے گی اور وہ معاشرتی دھارے میں بہتر طریقے سے شامل ہو سکیں گے۔

