ملک کے سب سے بڑے صوبے کے عوام نے لوٹا کریسی کو مسترد کردیا۔ ولی عہد بہاولپور کی عمران خان اور پی ٹی آئی کارکنان کو مبارکباد
لاہور(نامہ نگار)امیر آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی کے ولی عہد پرنس بہاول عباس خان عباسی نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی شاندار کامیابی کو اس کی تاریخی فتح قرار دیا ہے۔ اپنے ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا کہ 17جولائی کے ضمنی انتخابات میں ملک کے سب سے بڑے صوبے کے عوام نے نہ صرف لوٹا کریسی کو بری طرح مسترد کیا ہے بلکہ عمران خان کی قیادت پر ایک بار پھر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ان انتخابی نتائج سے یہ بات بھی ثابت ہوگئی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور عمران خان ملک کے مقبول ترین راہنما ہیں۔ پرنس بہاول خان عباسی نے پاکستان تحریک انصاف کی انتخابی کامیابی پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، پی ٹی آئی کے راہنماؤں و کارکنوں اور پی ٹی آئی کے حامیوں کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کی قیادت کی جانب سے اپنی انتخابی شکست کو تسلیم کرنے کے حوالے سے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو جلد از جلد عام انتخابات کی طرف جانا ہوگا تاکہ ملک کو بحرانوں سے نکالا جاسکے۔