٩ مئی واقعات، ملوث افراد کی گرفتاری کیلئے حکومت اور عمران خان میں آج 2 بجےمذاکرات
کمشنر لاہور کی سربراہی میں وفد ٹی وی کیمروں کی موجودگی میں آج زمان پارک کی تلاشی لے گا
لاہور: حکومت اور عمران خان کے درمیان 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے آج مذاکرات ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی ٹیم آج 2 بجے کے بعد کمشنر لاہور کی سربراہی میں زمان پارک جائے گی، حکومتی ٹیم زمان پارک کی سرچ کے حوالے سے عمران خان کے نمائندوں سے مذاکرات کرے گی۔
عمران خان کی رہائشگاہ کی سرچ پر اتفاق رائے ہونے کی صورت میں 400 پولیس اہلکار زمان پارک کی سرچ کا حصہ بنیں گے۔
نگران وزیر اطلاعات عامر میر کے مطابق عمران خان کی رہائشگاہ میں سانحہ 9 مئی سے جڑے ہوئے 40 شرپسند موجود ہیں
پنجاب کے نگران وزیرِ اطلاعات عامر میر کا کہنا ہے کہ کل کمشنر لاہور کی سربراہی میں ایک وفد زمان پارک جا کر ٹی وی کیمروں کی موجودگی میں زمان پارک کی تلاشی لے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خان زادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عامر میر کا کہنا تھا کہ زمان پارک میں 4 نہیں 40 دہشت گرد ہیں اس لیے کم از کم 400 پولیس اہلکار زمان پارک جائیں گے
قبل ازیں سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) حسن جاوید کا کہنا ہے کہ زمان پارک سے فرار ہونے والے 8 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ مصدقہ اطلاعات تھیں کہ 30 سے 40 لوگ زمان پارک کے اندر موجود ہیں، 8مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جو نہر کے راستے فرار کی کوشش کر رہے تھے۔
ایس ایس پی حسن جاوید نے کہا کہ ابھی بھی اطلاعات ہیں کہ زمان پارک میں شر پسند موجود ہیں، زمان پارک پر آپریشن سے متعلق حتمی فیصلہ اعلیٰ افسران کے حکم پر ہوگا۔
ایس ایس پی حسن جاوید نے مزید کہا کہ اور لوگ بھی فرار کی کوشش کرتے ہیں لیکن پولیس کو دیکھ کر واپس چلے جاتے ہیں، پکڑے جانے والے 8 مشتبہ افراد سے تفتیش جاری ہے۔