دفاتر اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھا جائےکمشنر کا قائد اعظم میڈیکل کالج میں انسداد ڈینگی آگہی سیمینار سے اظہار خیال
بہاول پور:02/جولائی ( )کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے حفاظتی اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ اس سلسلہ میں محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و سٹاف اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ رہائش گاہوں، دفاتر اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھا جائے اور پانی ایک جگہ پر ٹھہرنے نہ دیا جائے۔ وہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈینگی ڈے کے موقع پر قائد اعظم میڈیکل کالج کے آڈیٹوریم میں انسداد ڈینگی آگہی سیمینار سے اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر (رابطہ) فیصل عطا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر سمیرا ربانی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکوال، ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد محمود آرائیں، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و سٹاف اور سول سوسائٹی کے نمائندگان موجود تھے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے لئے معاشرہ کے تمام افراد اپنی ذمہ داریاں احسان انداز میں انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے محفوظ رہنے کے لئے محکمہ صحت کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر عمل کیا جائے اور انسداد ڈینگی کے حوالہ سے لوگوں کا شعور اجاگر کیا جائے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکوال نے ڈینگی سے بچاؤ کے حوالہ سے بروئے کار لائے گئے اقدامات بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں ڈینگی ویکٹر سرویلنس کا عمل جاری ہے اور اس سلسلہ میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور ٹیمیں فیلڈ میں فعال ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے محفوظ رہنے کے لئے لوگوں کا شعور اجاگر کرنے میں معاشرہ کے تمام افراد اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے گھر اور اردگرد کا ماحول صاف ستھرا رکھا جائے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر و فوکل پرسن انسداد ڈینگی مہم ڈاکٹر خالد چنڑ نے کہا کہ ڈینگی مچھر سے محفوظ رہنے کے لئے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔ بازو ڈھانپ کر رکھیں، مچھر مار سپرے استعمال کیا جائے، جسم کے کھلے حصہ پر مچھر سے محفوظ رکھنے والا لوشن استعمال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی بخار کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر ڈاکٹر سے رابطہ کیا جائے۔ انسداد ڈینگی کے حوالہ سے ٹال فری نمبر 0800-99600پربھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ قبل ازیں اینٹامالوجسٹ خالد محمود نے ڈینگی مچھر سے محفوظ رہنے کے حوالہ سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گورنمنٹ ایلمنٹری سکول 13/BCکے طلباء نے ڈینگی کے اسباب، احتیاطی تدابیر، علاج معالجہ کے حوالہ سے خوبصورت ٹیبلو پیش کیا۔ بعد ازاں ڈینگی ڈے کے موقع پر لوگوں کا شعور اجاگر کنے کے لئے قائد اعظم میڈیکل کالج سے آگہی واک کی گئی جس کی قیادت کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کی۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکوال، ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد محمود آرائیں، ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد چنڑ، ڈی ایچ او ڈاکٹر انیلہ، متعلقہ محکموں کے افسران و سٹاف اور سول سوسائٹی کے نمائندگان شریک تھے۔ شرکائے واک نے ڈینگی کا شعور اجاگر کرنے کے حوالہ سے بینرز اور پینافلیکس اٹھا رکھے تھے۔