Advertisements

کمشنر راجہ جہانگیر انور نے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میںسنتھیٹک اتھلیٹکس پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

Synthetic Athletics Project at Bahawalpur
Advertisements

بہاول پور:20/جنوری( ) کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں سنتھیٹک اتھلیٹکس پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس پراجیکٹ کا تخمینہ لاگت 37کروڑ روپے ہے۔ اس پراجیکٹ میں منی پویلین کی تعمیر، سنتھیٹک ٹریک، اتھلیٹک فیلڈ، ٹوائلٹ بلاکس کی تعمیر شامل ہے۔اس موقع پر منعقدہ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی ڈاکٹر انعم فاطمہ، ڈویژنل سپورٹس آفیسر عامر حمید، ڈائریکٹر انفارمیشن ڈاکٹر ناصر حمید، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عابد حسن رضوی، ریٹائرڈ ڈویژنل سپورٹس آفیسر مقصود الحسن جاوید، دیگر افسران، میڈیا کے نمائندگان اور شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ کمشنر راجہ جہانگیر انور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سنتھیٹک ٹریک کی تنصیب کے بعد یہاں قومی وبین الاقوامی سطح کے مقابلہ جات منعقد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس سے نوجوانوں میں کھیلوں میں دلچسپی کا جذبہ پیدا ہوگا اور وہ ملک کی نمائندگی کرکے اپنا اور ملک کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سنتھیٹک ٹریک کی تکمیل کے بعد اس سے منسلک تمام کھیلوں بشمول رننگ، ہائی جمپ، لانگ جمپ، ڈسکس تھرو، جیویلن تھروسمیت اتھلیٹکس کی شاندار  سہولیات میسر ہوں گی۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بتایا کہ نوجوانوں کو کرکٹ کے کھیل کی سہولت فراہم کرنے کے لیے سرصادق محمد خان عباسی ہسپتال کے قریب ایک گراؤنڈ تیار کرکے دیا گیا ہے جہاں وہ کرکٹ کے کھیل سے لطف اندوز ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی سہولت کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹ بھی نصب کیا جارہا ہے۔ کمشنر نے کہا کہ وومن کرکٹ کے فروغ کے لیے وومن کرکٹ سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس نصب کی جارہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور کے کلاک ٹاور کی تزئین و آرائش اور اسے فنکشنل کرنے کے لیے کام کیا جارہا ہے۔ کمشنر نے بتایا کہ بہاول پور ڈرنگ اسٹیڈیم میں کرکٹ کے خوبصورت پویلین کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی پی ایس ایل میں شرکت کے لیے بہاول پور میں لاہور قلندر کا کیمپ لگایا جائے گا تاکہ پی ایس ایل میں بہاول پور کے نوجوان کھلاڑی بھی حصہ لے سکیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ سپورٹس کو اپنا کیرئیر بنائیں اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

Synthetic Athletics Project at Bahawalpur